بابر اعظم سے اگر دوستی ہوجائے تو اس میں کوئی حرج نہیں، یشما گل

بابر اعظم سے اگر دوستی ہوجائے تو اس میں کوئی حرج نہیں، یشما گل


ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل یشما گِل نے قومی کھلاڑیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹر بابر اعظم سے اگر دوستی ہو جائے تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔

اداکارہ یشما گِل نے حال ہی میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے لیے ایک پوڈکاسٹ کو انٹرویو دیا ہے۔

اس دوران انہوں نے جہاں متعدد دلچسپ سوالات کے جواب دیے، کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی، وہیں اپنا ذاتی گھر بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

پوڈ کاسٹ کے دوران میزبان فہد انصاری نے اداکارہ سے کرکٹ اور قومی کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ پسندیدہ کھلاڑی سے متعلق سوال پوچھ ڈالا۔

میزبان نے اس دوران اداکارہ سے کھلاڑیوں کی جانب سے دیگر اداکاراؤں کو موصول ہونے والے پیغامات پر بھی بات کی۔

اس پر اداکارہ یشما گِل کا کہنا تھا کہ مجھے بابر اعظم پسند ہیں کیوں کہ وہ عالمی سطح پر ناصرف پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں بلکہ وہ دنیا کے بہترین بلے باز بھی ہیں۔

یشما گِل نے بابراعظم کی کارکردگی کو بھی سراہا اور سابق کپتان کی کامیابی کو پاکستان کی کامیابی قرار دیا۔

کرکٹرز کی جانب سے اداکاراؤں کو موصول ہونے والے میسیجز سے متعلق سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھے کسی اداکارہ نے آج تک نہیں بتایا کہ اِنہیں کوئی کرکٹر میسیجز کرتا ہے، مجھے خود بھی آج تک کسی کرکٹر کا کوئی میسج نہیں آیا ہے اور نہ ہی میں نے کبھی کسی کرکٹر کو کوئی میسج بھیجا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میری آج تک نہ کسی کرکٹر سے بات چیت ہوئی ہے اور نہ ہی میں کسی کرکٹر سے ملی ہوں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے دوستی سے متعلق سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ کرکٹرز سے دوستی ہوسکتی ہے، کرکٹرز سے کیوں نہیں دوستی کی جا سکتی، وہ اتنے اچھے اور باصلاحیت ہیں اور ہمارے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔

اداکارہ یشما گِل نے میزبان کی جانب سے بابر اعظم سے دوستی سے متعلق سوال کے جواب میں مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ قومی کرکٹر سے دوستی کرنا نہیں چاہتیں لیکن اگر ان (بابر اعظم) سے دوستی ہوجائے تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں