لاہور:
بنگلادیش سے راولپنڈی ٹیسٹ کی تیاری کے لیے 3روزہ میچ گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوا، کیمپ میں طلب شدہ ممکنہ کرکٹرز کو2 ٹیموں میں تقسیم کیا گیا، اظہر علی الیون نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو عابدعلی(33) موسٰی خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، اس وقت مجموعی اسکور 52تھا، مزید 8 رنز کے اضافے سے کپتان اظہر علی کھاتہ کھولنے سے قبل ہی موسیٰ خان کی گیند پر وکٹ کیپر عدنان اکمل کو کیچ دے بیٹھے، اس کے بعد بابر اعظم نے شان مسعود کو جوائن کرتے ہوئے بولرز کو وکٹ کیلیے ترسا دیا۔
دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 173 رنز جوڑے، بابر اعظم(101) اور شان مسعود(103) نے میچ پریکٹس میں فارم اور فٹنس ثابت کردی تو ہیڈکوچ مصباح الحق نے انھیں ریٹائر کرتے ہوئے پویلین واپس بلا لیا، اسد نے انتہائی محتاط انداز اختیار کرتے ہوئے 37گیندوں پر صرف 2رنز جوڑے تھے کہ بلال آصف نے انھیں فیضان کی مدد سے دھر لیا، محمد رضوان 45 اور فہیم اشرف 21 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں، اظہر علی الیون نے 5 وکٹ پر 320 رنز بنائے، حارث سہیل الیون کی طرف سے موسیٰ خان نے 63رنز دے کر 2 وکٹیں لیں۔