کراچی: بابراعظم کو ٹیم سلیکشن میں ’نیوٹرل‘ رہنے کا مشورہ ملنے لگا، سابق کرکٹر معین خان کا کہنا ہے کہ موجودہ کپتان دوستوں یاروں کو فائدہ پہنچانے سے گریز کریں، ہمیشہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں انصاف سے کام لیں۔
ان کی قیادت کا ایک ویژن ہونا چاہیے، موجودہ فارم برقرار رکھی تو کئی ریکارڈ توڑسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق کپتان معین خان نے موجودہ قائد بابراعظم کو مشورہ دیا کہ وہ ٹیم سلیکشن میں اقربا پروری سے گریز کریں۔ ’’ایکسپریس انٹرٹینمنٹ‘‘ کی رمضان ٹرانسمیشن کے دوران سابق وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ اسٹار پلیئر کو ٹیم سلیکشن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔
ان کے پاس بطور کپتان ایک مضبوط پلان ہونا لازمی ہے۔ معین خان نے کہا کہ کپتانی میں ایک ویڑن کی ضرورت ہوتی ہے، میں بابر کو مشورہ دوں گا کہ ٹیم سلیکشن میں ہمیشہ انصاف سے کام لیں اور اپنے دوستوں کو فائدہ نہ پہنچائیں، آپ کو کبھی سلیکشن پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے ، اپنی ترجیحات سے سلیکٹرز کو آگاہ کرنا ضروری ہے۔
انھوں نے یہ یقین بھی ظاہر کیا کہ بابر اعظم پاکستان کے تمام بیٹنگ ریکارڈز توڑسکتے ہیں اگر انھوں نے اپنی اچھی فارم برقرار رکھی تو وہ دنیا کے سب سے بہترین پلیئر بن جائیں گے، ان میں پاکستان کے تمام ریکارڈز توڑنے کی صلاحیت موجود ہے۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی فارم پر تبصرہ کرتے ہوئے معین خان نے کہا کہ وہ ان دنوں اپنے کیریئر کے شاندار دور سے گزررہے اور حیران کن فارم میں ہیں، ان کے ساتھ سرفراز احمد بھی بہترین وکٹ کیپر بیٹر ہیں۔