‘اے کوائٹ پلیس’ کے سیکوئل کا سنسنی خیز ٹریلر سامنے آگیا


2018 میں شائقین کو دہشت زدہ کرنے والی فلم ‘اے کوائٹ پلیس’ کا سیکوئل بھی رواں سال ریلیز ہونے جارہا ہے جس کا حیران کن ٹریلر سامنے آگیا۔

یاد رہے کہ فلم ‘اے کوائٹ پلیس’ ایک ایسے خاندان کی کہانی بیان کرتی ہے جو تمام انسانوں کے خاتمے کے بعد اپنی بقاءکے لیے جدوجہد کررہی ہوتی ہے۔

فلم میں بظاہر کوئی ایسی مخلوق دکھائی گئی تھی جو ہر زندہ شے کا شکار آوازوں پر کرتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ فلم میں بچ جانے والا خاندان مکمل خاموشی سے زندگی گزار رہا ہوتا ہے جبکہ اپنے تحفظ کے لیے ہر وقت خوفزدہ رہتا ہے۔

فلم کے پہلے حصے میں یہ نہیں دکھایا گیا تھا کہ اس مخلوق کا خاتمہ کیسے ہوا، تاہم اب سیکوئل کے ٹریلر میں یہ واپس دنیا میں آچکی ہے۔

اے کوائٹ پلیس 2 میں اس ہی خاندان کے افراد کو پیش کیا گیا، جو اب سکون سے زندگی گزار رہے تھے تاہم عجیب سی مخلوق پھر سے ان کی زندگیوں میں آجاتی ہے۔

مزید پڑھیں: سب سے خوفناک فلم؟ ‘اس فلم کو تنہا مت دیکھیں’

اس سیکوئل کے کچھ نئے اداکاروں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اے کوائٹ پلیس سینما گھروں میں کامیاب ثابت ہوئی تھی، اس فلم کو تجزیہ کاروں کے مثبت ریویوز بھی موصول ہوئے تھے۔

تجزیہ کاروں نے فلم کو حقیقی معنوں میں دہشت زدہ کردینے والا قرار دیتے ہوئے لکھا تھا کہ اسے تنہا نہ دیکھیں، حالانکہ لوگ جتنے زیادہ ہوں گے، خوف اتنا ہی محسوس ہوگا کیونکہ یہ فلم اتنی خاموش ہے کہ جب بھی کوئی آواز سینما یا ٹی وی پر گونجتی ہے، جسم کے اندر خوف کی لہر دوڑا دیتی ہے، ڈائریکٹر نے ثابت کیا ہے کہ اچھی کہانی کے ساتھ محض لگ بھگ خاموش فلم کے ساتھ بھی ناظرین کو کس طرح انگیج کیا جاسکتا ہے۔

یاد رہے کہ پہلی فلم کو جان کراسینسکی نے ڈائریکٹ کیا جبکہ مرکزی کردار میں وہ خود موجود تھے جبکہ ان کی اہلیہ اور معروف اسٹار ایملی بلنٹ بھی ان کے ساتھ موجود تھی۔

پہلی فلم میں تو جان کراسینسکی کے کردار کی موت ہوجاتی ہے جبکہ اب سیکوئل میں ان کی اہلیہ اپنے بچوں کی حفاظت کرتی نظر آئیں گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں