اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کو نوازشریف اور آصف زرداری کی بقاء کا مسئلہ قرار دیا ہے جب کہ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز پر نفرت انگیز تقاریر کرنے کا بھی الزام عائد کیا ہے۔
جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ کئی مسائل پر اپوزیشن میں آپس میں اختلافات ہیں، نواز شریف اور آصف زرداری پر الزامات ثابت ہو چکے ہیں اور اے پی سی کے سامنے سب سے بڑا مسئلہ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کے قائدین کی بقا ہے، اے پی سی کی کوشش ہوگی ان لیڈروں سے متعلق کچھ بیانات دیے جائیں۔
نعیم الحق نے کہاکہ اے پی سی کو قانون کے دائرے میں بجٹ سے متعلق احتجاج کی اجازت ہے لیکن اپوزیشن نے بجٹ احتجاج کے لیے قانون توڑنے کی کوشش کی تو سخت ایکشن لے سکتے ہیں، اپوزیشن رویہ درست کرے، ہر چیز میں حکومت مخالف بدزبانی نہیں ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز اور بلاول کے بیانات، تقاریر کی وجہ سے ملک میں نفرت پھیل رہی ہے، نفرت کی فضا ملک، پارلیمان اور عوام کے لیے نقصان دہ ہے، انتباہ کرتاہوں نفرت انگیز بیانات اور تقاریر سے پرہیز کریں۔
بجٹ سے متعلق وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ یقین ہے بجٹ منظور کرانے کے لیے ووٹ موجود ہیں، ہفتے کو بجٹ منظور کرالیا جائے گا۔
نعیم الحق نے مزید کہا کہ ایم کیوایم سے بہت اچھے تعلقات ہیں، ان کے وزراء کی بہت اچھی کارکردگی ہے جب کہ اختر مینگل سے بھی معاملات طے ہوگئے ہیں۔