’اے پی سی کا دعوت نامہ نہیں ملا، ملتا بھی تو واضح ایجنڈا کے بغیر شرکت نہ کرتے‘


جماعت اسلامی کل ہونے والی اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت نہيں کرے گی۔

 امیر جماعت سراج الحق نے کہا ہے کہ اے پی سی کا ایجنڈا واضح ہونا چاہیے ، کسی کے ذاتی ایجنڈے کے لیے استعمال نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کا دعوت نامہ نہیں ملا، اگر مل بھی جاتا تو واضح ایجنڈے کے بغیر شرکت نہ کرتے، ملک کیلئے حاضر ہیں، کسی کے ذاتی ایجنڈے کے لیے نہیں۔

سراج الحق نے لاہور میں مجاہد ملت سیمینار سے خطاب اور میڈیاسے گفتگو میں کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کا ایجنڈا واضح نہیں، اپوزیشن بتائے، ان کی کیا مجبوری ہے جو وہ حکومت کا ساتھ دیتی ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس سانحہ موٹروے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے جوبزدار حکومت کی ناکامی ہے، جنسی درندوں کو رات کے اندھیرے کے بجائے سر عام سزا دینی چاہیے۔

جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ قوم متحد ہو جائے، مسلمانوں کو چن چن کر نشانہ بنایاجارہاہے، عراق، شام اور لیبیا کوتباہ کرنے والوں کا اگلا نشانہ پاکستان ہوسکتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں