اے آر رحمٰن کی بیٹی خدیجہ کا گانا ’سگاواسی‘ سوشل میڈیا پر وائرل

اے آر رحمٰن کی بیٹی خدیجہ کا گانا ’سگاواسی‘ سوشل میڈیا پر وائرل


عالمی شہرت یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمٰن کی بیٹی خدیجہ رحمٰن کا کوک اسٹوڈیو تامل کے لیے گایا گیا گانا ’سگاواسی‘ موسیقی کے مداحوں کو پسند آگیا ہے۔

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر شیئر کیے گئے اس گانے کو صرف دو ہفتوں میں 13 ملین سے زائد ویوز مل چکے ہیں۔

اس گانے کو خدیجہ رحمٰن نے گلوکار آریو کے ساتھ مل کر گایا ہے، گانے کے بول اور موسیقی بھی آریو نے ہی ترتیب دی ہے۔

خدیجہ رحمٰن کا اس گانے کے بارے میں کہنا ہے کہ میں اس گانے کے ذریعے دیے گئے پیغام سے بہت متاثر ہوں جوکہ انسان اور قدرت کے درمیان تعلق پر مبنی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں خود قدرتی مناظر کو دیکھ کر بہت لطف اندوز ہوتی ہوں تو میرا خیال ہے کہ گانے کا پیغام بہت زبردست ہے۔

اُنہوں نے اپنی پرفارمنس کے بارے میں اپنے والد کی رائے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ والد نے میرا گانا سنا ہے اور وہ میرے لیے بہت خوش ہیں اور اُنہوں نے میری حوصلہ افزائی کی اور اس سفر کو جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھے موسیقی نے ہمیشہ نفرت انگیز باتوں سے محفوظ رکھا ہے اور میں خوش ہوں کے میں نے اس شعبے کا انتخاب کیا کیونکہ آج کے دور میں ہم سب کو یہ سمجھنے کی بہت زیادہ ضرورت ہے کہ ہر انسان ایک دوسرے سے مختلف ہے اور یہ بات بہت آسان ہے اسے سمجھنا کوئی مشکل بات نہیں ہے۔

خدیجہ رحمٰن نے گلوکار بننے کے خواہشمند نوجوانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ میرا ان تمام نوجوانوں کو پیغام ہے کہ کوشش کرتے رہیں اور اپنا کام دنیا کے سامنے لائیں، اپنے آپ کو خود پروموٹ کریں۔


اپنا تبصرہ لکھیں