اے آئی کے ذریعے یوکرینی خاتون یوٹیوبر، روسی شہری میں تبدیل

اے آئی کے ذریعے یوکرینی خاتون یوٹیوبر، روسی شہری میں تبدیل


آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے یوکرینی خاتون یوٹیوبر کو روسی شہری میں تبدیل کردیا گیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق 21 سالہ یوکرینی خاتون اولگا لوئیک نے چینی سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیوز میں اپنا چہرہ استمعال ہوتے ہوئے دیکھا جنہیں اے آئی ٹولز کی مدد سے بنایا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق ان ویڈیوز میں اولگا لوئیک کے چہرے کو روس کی حمایت اور اسے فروغ دینے کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔

اولگا لوئیک کا کہنا ہے کہ میری چہرے والی ویڈیوز میں ایسی زبان بولتے ہوئے دکھایا گیا جو مجھے نہیں آتیں، ان اکاؤنٹس سے چین اور روس کے تعلقات پر بات کی گئی اور روسی مصنوعات کی تشہیر کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اولگا لوئیک ایک امریکی یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ویڈیوز میں اپنا چہرہ دیکھا اور اپنی آواز سنی، یہ سب بہت ڈراؤنا تھا کیونکہ میں نے خود کو وہ باتیں کہتے ہوئے دیکھا جو میں نے کبھی نہیں کہیں۔

یوکرینی خاتون کا کہنا ہے کہ مجھے 90 فیصد ویڈیوز میں چین اور روس کی دوستی کے بارے میں بات کرتے ہوئے دکھایا گیا کہ دونوں ممالک کو مضبوط اتحادی بننا ہے۔ اس کے علاوہ کھانے پینے کی چیزوں کے اشتہارات بھی دکھائے گئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اولگا لوئیک کا خاندان اس وقت بھی یوکرین میں رہائش پذیر ہے۔

واضح رہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے کئی مشہور شخصیات کی جعلی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آچکی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں