اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کسانوں کویوریا کھاد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سال بھر یوریا پلانٹس کو آپریشنل رکھنے کی منصوبہ کرنے اور وزارت صنعت و پیداوار کو کراچی میں واقع پاکستان مشین ٹول فیکٹری کی بحالی کے لیے حکمت عملی وضع کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں یوریا کھاد کی طلب و رسد کا جائزہ لیا گیا۔
کمیٹی نے پاکستان مشین ٹول فیکٹری کو فنڈز کی فراہمی کا جائزہ لیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ انجینئرنگ سیکٹر مشین ٹول فیکٹری کی بہت خدمات رہی ہیں اور ادارے کو مستحکم کر کے مزید فعال بنایا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں گیس ضروریات پوری کرنے کیلئے راولپنڈی کے قریب آدھی گیس فیلڈ سے سوئی ناردرن کو یومیہ اڑھائی کروڑ مکعب فٹ گیس فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق پی ایس او اور آذربائیجان کی سرکاری آئل کمپنی کے درمیان فیول سپلائی کے معاہدے کی منظوری مزید مشاورت کیلئے مؤخر کر دی گئی۔
اجلاس میں کمیٹی کو ملک میں برآمد کیلئے گندم کی اضافی مقدار پر بھی بریفنگ دی گئی۔