اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے دنیا کی 20 بڑی معیشتوں کے گروپ ‘جی 20’ کے ساتھ قرضوں کی ری شیڈولنگ کی منظوری دے دی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا۔
وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں جی20 ممالک کے ساتھ قرضوں کی ری شیڈولنگ کی منظوری دی گئی، قرضوں کی ری شیڈولنگ کے لیے مجوزہ معاہدوں کی ای سی سی سے منظوری لی جائے گی اورجی 20 سے ریلیف کے لیے انفرادی طور پر بات چیت کی جائے گی۔
اجلاس میں چھوٹے کاروبار والوں کے لیے 50 ارب 69 کروڑ روپے کی پری پیڈ بجلی اسکیم منظور کی گئی ، اسکیم کو ‘چھوٹا کاروبار صنعتی امدادی پیکج ‘کا نام دیا گیا ہے۔اسکیم کا مقصد ورکرز کی برطرفیاں روکنا اور ملازمت کا تحفظ ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق ای سی سی نے اسٹیٹ بینک کی ری فنانسنگ اسکیم کے تحت 30 ارب کی سبسڈی بھی منظور کی۔
اجلاس میں پاک ایران سرحد پر باڑ لگانے کے لیے 3 ارب کے اضافی فنڈز کی بھی منظوری دی گئی۔