گزشتہ ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.14 فیصد کی معمولی کمی واقع ہوئی ہے اور سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 8.39 فیصد رہی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ واررپورٹ کےمطابق گزشتہ ایک ہفتےکےدوران مہنگائی میں 0.14 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
پچھلےایک ہفتے میں چینی 96 پیسے فی کلو سستی ہوئی اورچینی کی اوسط قیمت 96.07 سے کم ہوکر 95.11 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔
اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔
ٹماٹر 3 روپے اور پیاز 2 روپے فی کلو مہنگے ہوئے، جبکہ آلو، دال مسور، دال چنا، دال مونگ اور دال ماش بھی مہنگی ہوئی ہیں۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 11اشیائے ضروریہ سستی ہوئی ہیں جبکہ گزشتہ ایک ہفتے میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 4 روپے سستا ہوا، چکن برائلر زندہ مرغی 9 روپے فی کلو اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 23 روپے سستا ہوا، لہسن، دہی، تازہ دودھ اور انڈوں کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔
اعداد شمارکے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران 28 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے ۔