ایک سیکنڈ کیلئے بھی پابندی کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہونے دیں گے، بیرسٹر علی ظفر

ایک سیکنڈ کیلئے بھی پابندی کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہونے دیں گے، بیرسٹر علی ظفر


پاکستان تحریک انصاف کر رہنما علی ظفر نے کہا ہے ہم ایک سیکنڈ کے لیے بھی پابندی کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہونے دیں گے۔

نجی ٹی وی چینل ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کسی اور ہی دنیا میں رہ رہی ہے، وہ قانون کی دنیا سے باہر بات کر رہے ہیں، قانون میں اس کی کوئی گنجائش نہیں، حکومت ایسی کوئی پابندی نہیں لگا سکتی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ سارے معاملات قانون کے تحت دیکھے جاتے ہیں، وہ نا ممکن سی بات کر رہے ہیں اور اگر ایسی کوئی حرکت کریں گے تو عدالتیں بھی موجود ہیں اور ہم بھی موجود ہیں، ہم ایک سیکنڈ کے لیے بھی اس فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہونے دیں گے۔

بیرسٹر علی طفر نے بتایا کہ مخصوص نشستوں کے کیس کے فیصلے کے بعد حکومت کو دھچکا ملا ہے، یہ بالکل ناجائز بات ہے اور ہم اسے رد کرتے ہیں، آرٹیکل 6 کے حوالے سے بھی وفاقی وزیر نے بات کی تو شاید وہ لوگ قانون نہیں پڑھتے، آرٹیکل 6 غداری کا جرم ہے وہ ایک مختلف قسم کا جرم ہے، صرف قانون کی خلاف ورزی کرنا غداری نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسے ہی غداری کے مقدمے لگے تو پھر تو پارلیمنٹیرینز کے خلاف بھی غداری کے مقدمے ہوں گے، آرٹیکل 6 کا کوئی مقدمہ نہیں بن سکتا، وہ مقدمہ اتنا بے بنیاد ہوگا کہ وہ چل ہی نہیں سکے گا۔

مخصوص نشستوں پر نظر ثانی کی درخواست پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حکومت کا حق ہے نظر ثانی درخواست دائر کرنے کا مگر یہ ریویو کیس انہی ججز کے پاس جانا ہے جنہوں نے فیصلہ کیا ہے، میری نظر میں اب جو فیصلہ آگیا ہے وہ تبدیل نہیں ہوگا، ججز نے سوچ سمجھ کر فیصلہ دیا ہے۔

بعد ازاں رہنما سلمان اکرم راجا نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پابندی لگانے کا اختیار حکومت کا نہیں، یہ معاملہ سپریم کورٹ کو جائے گا اور یہ انہی کا اختیار ہے، یہ صرف ریفرنس بھیج سکتے ہیں، ان کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ پی ٹی آئی ملکی سالمیت کے خلاف کوئی جماعت ہے۔

اتنا آسان نہیں ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو ختم کرنا، سلمان اکرم راجا

انہوں نے کہا کہ یہ بد حواس ہوچکے ہیں، جو پی ٹی آئی کو سپریم کورٹ سے کامیابی ملی ہے تو وہ بوکھلاہٹ میں ادھر ادھر بھاگ رہے ہیں، اتنا آسان نہیں ہے ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو ختم کرنا۔

بیرسٹر سلمان اکرم راجا نے مزید بتایا کہ ہمارا خیال نہیں تھا کہ حکومت اس حد تک گر جائے گی، ان کی کم عقلی اور کم ظرفی کی یہ سطح ہوگی بحرحال ہم واضح ہیں کہ پی ٹی آئی کے خلاف ایسا کوئی الزام ثابت نہیں ہوسکتا، پی ٹی آئی ملک کو جوڑ کے کھڑی ہے، پی ٹی آئی نے استحکام دیا ہے، ان کو منظر سے ہٹائیں گے، ووٹر کو تتر بتر کریں گے تو کچھ پتا نہیں کہ ملک کس طرف جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت جھوٹ کی بنیاد پر مفروضہ قائم کرے گی اور کوشش کرے گی کہ سپریم کورٹ اس مفروضے کو مان لے، یہ تمام معاملات عوام کے سامنے ہیں، ایک طرف اے پی سی میں بلایا ہمیں، ہم نے حمایت کی تو انہوں نے یہ کردیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹے، ہم پارلیمان میں بیٹھے ہیں، کمیٹی میں ہیں، ہر سطح پر بات ہورہی ہے، بیک ڈور بات چیت کے حوالے سے میں کچھ نہیں کہہ سکتا یہ تو فرنٹ ڈور سے ہمارے ساتھ یہ کر رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں