نامور پاکستانی اداکار فرحان سعید، فیروز خان، ایمان علی اور سونیا حسین کی فلم ’ٹچ بٹن‘ کا پہلا ٹیزر منظر عام پر آگیا جسے سوشل میڈیا پر کافی پسند کیا جارہا ہے۔
گلوکار و اداکار فرحان سعید نے اس ٹیزر کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر بھی کی۔
اس ویڈیو کو شیئر کرنے کے ساتھ اداکار نے کیپشن میں ٹیزر میں آنے والا واحد ڈائیلاگ بھی تحریر کیا۔
مزید پڑھیں: ’ٹچ بٹن‘ فرحان سعید اور عروہ حسین کی فلم
فرحان سعید نے لکھا کہ ’سنا ہے جب پیار ہوتا ہے تو انسان آپے سے باہر ہوتا ہے‘۔
ایک منٹ چار سیکنڈ دورانیے پر مبنی فلم کے اس ٹریلر کی بات کی جائے تو اس میں فلم کے دونوں مرکزی کردار فیروز خان اور فرحان سعید کو ایکشن میں دکھایا گیا جبکہ شہر اور گاؤں کی زندگی کو پیش کیا گیا۔
فلم میں فرحان سعید، ایمان علی اور فیروز خان، سونیا حسین کی جوڑی کو پیش کیا گیا۔
خیال رہے کہ ٹچ بٹن فلمی دنیا میں فرحان سعید کی پہلی فلم ہوگی۔
اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم کی پروڈکشن ان کی اہلیہ اداکارہ عروہ حسین کررہی ہیں۔
اس فلم کی ہدایات قاسم علی مرید دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ فلم کی پہلی جھلک گزشتہ سال جنوری میں سامنے آئی تھی۔
فلم ’ٹچ بٹن‘ رواں سال عیدالفطر کے موقع پر ریلیز ہوگی۔