ایکس پر ماہانہ فیس کے مزید دو آپشنز متعارف کرائے جانے کا امکان

ایکس پر ماہانہ فیس کے مزید دو آپشنز متعارف کرائے جانے کا امکان


مائکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر ماہانہ فیس کے مزید دو نئے آپشنز متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، جس کے تحت ایک آپشن میں موجودہ فیس سے زائد جب کہ دوسرے آپشن میں کم فیس عائد کیے جانے کی چہ مگوئیاں ہیں۔

اس وقت ایکس پر ایک ہی ماہانہ فیس کا آپشن ہے،جس کے تحت صارفین کو ماہانہ 8 امریکی ڈالر ادا کرنے پڑتے ہیں۔

ماہانہ فیس کے عوض صارفین کو بلیو ٹک فراہم کیے جانے کے علاوہ دیگر فیچرز بھی دیے گئے ہیں جب کہ کمپنیز کی ماہانہ فیس افراد کے اکاؤنٹ سے کہیں زیادہ ہے۔

ایکس نے فیس کے عوض بلیو ٹک فراہم کرنے کا آغاز اپریل 2023 میں شروع کیا تھا اور بعد ازاں متعدد فیچرز کو ماہانہ فیس سے جوڑ دیا تھا۔

لیکن اب خبر سامنے آئی ہے کہ ایکس اپنی کمائی بڑھانے کے لیے ماہانہ فیس کے مزید دو نئے آپشنز متعارف کرائے گا، جس میں سے ایک آپشن کی فیس زیادہ جب کہ دوسرے کی موجودہ فیس سے کم ہوگی۔

امریکی اخبار ’بلوم برگ‘ کے مطابق ایکس کی جانب سے بینکوں کو آگاہی دی گئی ہے کہ وہ پلیٹ فارم پر سبسکرپشن کے مزید دو نئے آپشنز متعارف کرائے جا رہے ہیں، جس سے کمپنی کی کمائی میں اضافہ ہوگا۔

ایکس نے مذکورہ معلومات ان بینکوں اور اداروں کو دی ہے، جن کا ایکس مقروض ہے اور پلیٹ فارم کو 13 ارب ڈالر کے قرضوں کا سامنا ہے۔

ایکس کے مطابق نئے سبسکرپشن پلانز کے تحت صارفین کو ’بیسک، اسٹینڈرڈ اینڈ پلس‘ سبسکرپشن کے آپشنز دیے جائیں گے۔

مذکورہ پلانز کے تحت بیسک سبسکرپشن لینے والے افراد کو ایکس کے خصوصی مواد تک رسائی نہیں مل سکے گی، انہیں تمام اشتہارات اور فالتو اکاؤنٹس اور چیزیں بھی دیکھنے کو ملیں گی۔

امکان ہے کہ بیسک سبسکرپشن پلان کی ماہانہ فیس 8 امریکی ڈالر سے نصف ہوگی، یعنی ممکنہ طور پر مذکورہ پلان ماہانہ تین امریکی ڈالرز فیس کا ہوگا اور یہ بھی امکان ہے کہ یہ پلان تمام صارفین کو لینا پڑے گا، تب ہی وہ ایکس پر اکاؤنٹ چلا سکیں گے۔

اسی طرح کمپنی کی جانب سے دوسرے اسٹینڈرڈ سبسکرپشن کے پلان کی ماہانہ فیس 8 امریکی ڈالر رکھے جانے کا امکان ہے اور یہ پلان لینے والے افراد بھی نصف اشتہارات دیکھ سکیں گے اور انہیں بلیو ٹک بھی فراہم کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق تیسرا سبسکرپشن پلان پلس کا ہوگا، جس کے تحت ممکنہ طور پر صارفین سے ماہانہ 15 سے 17 امریکی ڈالر کی فیس وصول کیے جانے کا امکان ہے۔

اس سبسکرپشن پلان کو حاصل کرنے والے صارفین کسی طرح کا کوئی اشتہار نہیں دیکھیں گے جب کہ انہیں ایکس کے خصوصی فیچرز تک رسائی دیے جانے کے علاوہ انہیں دنیا بھر کے خصوصی مواد تک بھی جلد اور بہتر رسائی دی جائے گی۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ایکس کی جانب سے مذکورہ تینوں سبسکرپشن پلانز کب تک متعارف کرائے جائیں گے، تاہم امکان ہے کہ اسے نئے سال کی پہلی سہ ماہی تک متعارف کرایا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں