مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) کے مالک ایلون مسک نے ٹوئٹس میں دوبارہ خبروں کی ہیڈلائن دکھانے کا فیچر پیش کرنے کا اعلان کردیا۔
اس سے قبل ایکس پر گزشتہ ماہ اکتوبر کے آغاز میں خبروں یا دیگر مضامین کے لنکس شیئر کرتے وقت ہیڈلائن کو چھپانے کا فیچر پیش کیا گیا تھا۔
تبدیلی کے بعد ٹوئٹر پر اکتوبر سے ڈیسک ٹاپ صارفین کسی بھی خبر یا مضمون کے لنک کے ساتھ ہیڈلائن دیکھنے سے محروم ہوگئے تھے، البتہ موبائل صارفین کو ہیڈلائن دکھائی دیتی رہی۔
لیکن اب ایلون مسک نے دوبارہ ہیڈلائن دکھانے کے فیچر کو واپس متعارف کرانے کا اعلان کردیا، تاہم اب ہیڈلائن مختلف انداز میں نظر آئے گی۔
انہوں نے اپنی مختصر ٹوئٹ میں بتایا کہ ایکس پر لنکس کے ساتھ دوبارہ ہیڈلائن کو دکھانے کا فیچر پیش کرنے پر کام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب کسی بھی لنکس کے ساتھ ہیڈ لائن تصویر کے اوپر نظر آئے گی۔
اس سے قبل شروع سے لے کر اکتوبر 2023 تک لنکس کے ساتھ ہیڈلائن تصاویر کے نیچے نظر آتی تھی۔
یہ واضح نہیں ہے کہ ٹوئٹر پر ہیڈلائن کو چھپانے کا فیچر کیوں پیش کیا گیا تھا اور اب دوبارہ کیوں اسے پیش کیا جا رہا ہے؟
یہ بھی واضح نہیں ہے کہ دوبارہ ہیڈلائن نظٖر آنے کے فیچر کی واپسی کب تک ہوگی، تاہم امکان ہے کہ اسے ایک سے دو ہفتوں کے اندر ہی پیش کردیا جائے گا۔
ممکنہ طور پر ہیڈلائن دکھانے کے فیچر کو صارفین کی فرمائش پر پیش کیا جا رہا ہے کیوں کہ ہیڈلائن نظر نہ آنے کی وجہ سے بہت سارے لوگ خبر کو خبر یا مضمون ہی نہیں سمجھ رہے تھے۔