اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بوگس اور کاغذ پر مبنی کمپنیوں کے امکانات کو کم سے کم کرنے کے لیے ایڈوانس سیلز ٹیکس رجسٹریشن تصدیقی طریقہ کار متعارف کرادیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں ایف بی آر پالیسی بورڈ کے اجلاس میں ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے اب تک اختیار کیے گئے طریقہ کار اور دیگر اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی نے بورڈ کو بتایا کہ ٹیکنالوجی کے لحاظ سے ایڈوانس سیلز ٹیکس رجسٹریشن کی تصدیق کا میکاننزم متعارف کرادی گیا ہے جہاں افسران ٹیبلٹس کے ساتھ بھیجے جائیں گے تاکہ تصدیق کے لیے ضروری کاروبار سے متعلق وہ موقع پر معلومات اور تصاویر بشمول جی پی ایس کورڈنیٹس حاصل کرسکیں۔
اجلاس میں ایف بی آر اور 12 دیگر اداروں کے درمیان ڈیٹا کے تبادلہ سے متعلق معاہدوں پر بھی بحث ہوئی۔
ایف بی آر نے جلد ہی اپیلوں کی ای فائلنگ کے لیے خودکار نظام متعارف کرنے کا اعلان کر رکھا ہے اور کمشنر آئی آر (اپیل) کو خود کار بنانے کے لیے بھی عمل میں ہے۔
اس سے ٹیکس دہندگان آئرس پورٹل پر انکم ٹیکس اتھارٹیز کے احکامات کے خلاف اپیلیں بھی فائل کرنے کے قابل ہوجائیں گے اور کمشنر آئی آر کو بھی اپیلوں کو مؤثر انداز میں نمٹانے میں مدد ملے گی۔
اس سے ٹیکس دہندگان کے ساتھ جسمانی رابطہ کم ہوگا، اپیل دائر کرنے میں آسانی ہوگی، لاگت کم آئے گی اور شفافیت کے ساتھ مؤثر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ٹیکس دہندہ معافی کے لیے درخواست، اصلاح، امتناع اور دیگر بنیادوں پر اپیل دائر کر سکیں گے۔
وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے نادرا اور ایف بی آر کے درمیان ڈیٹا شئیرنگ اور ڈیٹا کے تجزیہ پر زور دیا۔
انہوں نے ایف بی آر اور نادرا کے درمیان ڈیٹا کی شئیرنگ اور تجزیہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ذیلی گروپ تشکیل دے دیا۔
ذیلی گروپ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر، وزیراعظم کے مشیر عشرت حسین، فیض کموکہ، چئیرمین ایف بی آر اور چیئرمین نادرا پر مشتمل ہے، ذیلی گروپ ایک ہفتے میں اپنی رپورٹ داخل کرے گا۔
وزیراعظم کے مشیر نے طورخم بارڈرپر کنٹینروں کے روکنے سے تاجروں کو درپیش مسائل کا خصوصی نوٹس لیا۔
ممبر کسٹمز نے اجلاس کو بتایا کہ تمام ضروری اقدامات کر لیے گئے ہیں اور آنے والے چند ہفتوں میں یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔