ایڈمرل امجد نیازی نے پاک بحریہ کے نئے سربراہ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں


اسلام آباد: ایڈمرل امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کے نئے سربراہ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

نیول ہیڈ کوارٹر پی این ایس ظفر میں پاک بحریہ کے سربراہ کی کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں غیر ملکی سفیروں سمیت اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔

پاک بحریہ کے دستے نے سبکدوش ہونے والے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ایڈمرل امجد خان نیازی کو پاک بحریہ کی کمان سونپی۔

ایڈمرل امجد خان نیازی پاک بحریہ کے 22 ویں سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔

کمان کی تبدیلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والے ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کے نئے سربراہ امجد نیازی کو مبارکباد پیش کی۔

ایڈمرل ظفر عباسی نے کہا کہ پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت پر خصوصی توجہ دی، 4چینی فریگیٹ آئندہ 2 برس میں پاک بحریہ میں شامل ہوں گے، پی این ایس یرموک پاکستان نیوی کا حصہ بن گیا ہے اور پی این ایس ہیبت کی کیمیشننگ رواں سال کے آخر میں ہوگی۔

ایڈمرل ظفر محمود کا کہنا تھا کہ گوادرمیں بحری اڈہ قائم کیا جا رہاہے، میرین ٹریننگ سینٹر کراچی سے گوادر منتقل کردیا گیا ہے ۔

ایڈمرل امجدنیازی کون ہیں؟

پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے 1985 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا اور پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی تلوار حاصل کی جب کہ انہیں ہلال امتیاز ملٹری اور ستارہ بسالت سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

بھارت کے ساتھ حالیہ تناؤ کے دوران محمد امجد خان نیازی نے اس پاکستانی فلیٹ کی کمانڈ کی تھی جس نے پاکستانی سمندری حدود میں بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا تھا۔پاک بحریہ کے سبکدوش ہونے والے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ایڈمرل ذکاءاللہ کی سبکدوشی کے بعد 7 اکتوبر 2017 کو پاک بحریہ کی کمان سنبھالی تھی۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نوجوان کیڈٹ کی حیثیت سے سن 1979 میں سمندری محافظوں کی صف میں کھڑے ہوئے۔


اپنا تبصرہ لکھیں