ایپل کی جانب سے نئے انٹری لیول آئی پیڈ 13 اور آئی پیڈ منی متعارف کرا دیئے ہیں۔
ایپل کے ورچوئل ایونٹ کے دوران نئے آئی پیڈ ماڈلز کو پیش کیا گیا۔
کمپنی نے ڈھائی سال بعد آئی پیڈ منی کا نیا ورژن پیش کیا ہے جس میں کافی کچھ اپ ڈیٹ کیا گیا ہے جیسسے اے 15 بائیونک پراسیسر موجود ہے جو سابقہ آئی پیڈ منی کے مقابلے میں ڈیوائس کی کارکردگی 80 فیصد زیادہ بہتر کرتا ہے۔
اس ٹیبلیٹ میں 8.3 انچ کا آل اسکرین ڈسپلے دیا گیا ہے اور بیزل کو کم کیا گیا ہے جبکہ فزیکل ہوم بٹن موجود نہیں، ٹچ آئی ڈی سنسر کو پاور بٹن کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
ایپل نے لائٹننگ پورٹ کی جگہ یو ایس بی سی پورٹ کو آئی پیڈ منی کا حصہ بنایا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس میں لیکوئیڈ ریٹینا ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ اینٹی ریفلیکٹیو اسکرین کوٹنگ، ٹرو ٹون بھی ڈسپلے کے نمایاں فیچرز ہیں۔
آئی پیڈ منی میں اس بار اسٹیریو اسپیکرز کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ والیوم بٹن ڈیوائس کے ٹاپ پر منتقل کردیئے گئے ہیں۔
اس ٹیبلیٹ کے ساتھ سیکنڈ جنریشن ایپ پینسل سپورٹ بھی دی گئی ہے جبکہ فرنٹ اور بیک پر 12، 12 میگا پکسل کے کیمرے موجود ہیں۔
وائی فائی 6 اور 5 جی کے اضافے کے ساتھ گیگا بٹ ایل ٹی ای اور ای سم سپورٹ کو برقرار رکھا گیا ہے۔
اس کا فائی فائی ماڈل 499 ڈالرز (84 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ سیلولر ماڈل 649 ڈالرز (ایک لاکھ 9 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں 24 ستمبر سے مختلف ممالک میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
دوسری جانب نیا انٹری لیول آئی پیڈ بھی کمپنی کی جانب سے پیش کیا گیا جس میں اے 13 بائیونک پراسیسر موجود ہے اور کمپنی کے مطابق یہ سابقہ آئی پیڈ ماڈل کے مققابلے میں 20 فیصد زیادہ تیز پرفارمنس فراہم کرے گا۔
کمپنی کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ نیا آئی پیڈ کروم بک سے 3 گنا جبکہ فلیگ شپ اینڈرائیڈ ٹیبلیٹس سے 6 گنا زیادہ تیز ہے۔
اس نئے آئی پیڈ میں فرنٹ پر 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا موجود ہے جو 122 ڈگری فیلڈ آف ویو اور سینٹر اسٹیج ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔
یہ ٹیکنالوجی آئی پیڈ پرو میں بھی دی گئی تھی جو خودکار طور پر لوگوں کو شناخت کرکے حرکت کرتے ہوئے لوگوں کو فریم میں ایڈجسٹ کرتی ہے۔
10.2 انچ کے ریٹینا ڈسپلے کے ساتھ ایپل اسمارٹ کی بورڈ اور ایپل پینسل سپورٹ بھی دی گئی ہے۔
اس میں آئی پیڈ او ایس 15 آپریٹنگ سسٹم موجود ہے جو ملٹی ٹاسکنگ کے لیے زیادہ بہتر ققرار دیا گیا ہے۔
آئی پیڈ او ایس 15 میں ٹرانسلیٹ ایپ، لائیو ٹیکسٹ اور فوکس جیسے فیچرز بھی موجود ہیں۔
ایپل کے نئے آئی پیڈ کی قیمت 329 ڈالرز (55 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی جو 64 جی بی اسٹوریج والا ماڈل ہے۔
اسی طرح وائی فائی۔ سیلولر ماڈل 459 ڈالرز میں دستیاب ہوگا جبکہ ایک 256 جی بی اسٹوریج کا ورژن بھی ہوگا۔
یہ آئی پیڈ بھی 24 ستمبر سے صارفین کو دستیاب ہوگا۔