اینڈرائیڈ فونز میں آخرکار وہ فیچر اب صارفین کو دستیاب ہوگا جو آئی فون استعمال کرنے والے افراد برسوں سے استعمال کررہے ہیں۔
اینڈرائیڈ موبائل آپریٹنگ سسٹم بنانے والی کمپنی گوگل کی جانب سے ایک نئے ٹول کو متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے جسے نیئر بائی شیئر کا نام دیا گیا ہے، جس کی مدد سے لوگ فوری طور پر اپنے ارگرد موجود افراد کو فائلز بھیج سکیں گے۔
یہ فیچر ایپل کے ایئر ڈراپ فیچر سے ملتا جلتا ہے جو میک کمپیوٹرز میں 2011 میں متعارف کرایا گیا اور 2013 میں آئی فونز کا حصہ بن گیا۔
یہ نیا ٹول کسی فائل کی شیئرنگ فوری کرنے میں مدد فراہم کرے گا کیونکہ اسے فائل وصول کرنے والے فرد کی کانٹیکٹ انفارمیشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اسی طرح یہ فیچر آن لائن یا آف لائن بھی کام کرسکے گا کیونکہ اس کے لیے متعدد طریقہ کار بشمول بلیوٹوتھ یا وائی فائی کنکشنز استعمال ہوںگے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ اس فیچر کی تیاری پر برسوں سے کام ہورہا تھا اور یہ ہزاروں اینڈرائیڈ فونز کے مختلف ماڈلز کو دستیاب ہوگا۔
یہ فیچر ایسے فونز میں کام کرے گا جن میں اینڈرائیڈ مارش میلو (2015 کا اینڈرائیڈ ورژن) یا اس سے آگے کے اینڈرائیڈ سسٹم ہوں گے۔
خیال رہے کہ لگ بھگ ایک دہائی قبل گوگل کی جانب سے اس سے ملتا جلتا فیچر اینڈرائیڈ بیم کے نام سے متعارف کرایا گیا مگر یہ صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
یہ فیچر پہلے سام سنگ کے مخصوص فونز اور گوگل کے پکسل فونز میں صارفین کو دستیاب ہوگا۔
خیال رہے کہ سام سنگ کی جانب سے اگست کو نئی ڈیوائسز پیش کی جارہی ہیں جبکہ گوگل نے رواں ہفتے ہی نئے پکسل فون کو متعارف کرایا۔