ایندھن کی قلت کے باعث پی آئی اے کی 48 پروازیں منسوخ

ایندھن کی قلت کے باعث پی آئی اے کی 48 پروازیں منسوخ


واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ایندھن کی سپلائی پر پابندیوں اور کچھ آپریشنل معاملات کے باعث پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے فلائٹ آپریشن کے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے خسارے کے شکار سرکاری ادارے نے کم از کم 24 ملکی اور عالمی پروازیں منسوخ اور 12 دیگر فلائٹس مؤخر کردیں۔

منسوخ ہونے والی 24 پروازوں میں سے 11 بین الاقوامی اور 13 پروازیں اندرون ملک کی تھیں، پی آئی اے نے آج کے لیے بھی دو درجن سے زائد پروازوں کو منسوخ کردیا ہے۔

آج کے لیے منسوخ کی گئی پروازوں میں 16 عالمی اور 8 ملکی پروازیں شامل ہیں جب کہ کچھ پروازیں موخر کیے جانے کا خدشہ ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر پی آئی اے کے طیاروں کو ایندھن کی محدود فراہمی اور آپریشنل وجوہات کی بنا پر پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جب کہ کچھ پروازوں کی روانگی کا شیڈول بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایندھن کی عدم دستیابی کی وجہ سے منگل کو 13 ملکی اور 11 عالمی پروازیں منسوخ کی گئیں جب کہ 12 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

اندرون ملک کی منسوخ پروازوں کے علاوہ منسوخ ہونے والی کچھ پروازیں دبئی، مسقط، شارجہ، ابوظبی اور کویت کی تھیں۔

پی آئی اے نے دعویٰ کیا کہ منسوخ کی گئی پروازوں کے مسافروں کو متبادل پروازوں کے ذریعے ان کی منزل مقصود پر روانہ کردیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی نے مسافروں سے بھی درخواست کی کہ وہ ایندھن کی قلت کے باعث قومی ایئرلائن کے فلائٹ آپریشن میں آنے والی رکاوٹوں کی وجہ سے ایئر پورٹ آنے سے قبل پی آئی اے کال سینٹر، پی آئی اے کے دفاتر یا اپنے ٹریول ایجنٹ سے رابطہ کریں۔


اپنا تبصرہ لکھیں