نامور پاکستانی اداکارہ اینجلین ملک ہمیشہ ہی بچوں کے ساتھ ہونے والے تشدد کے خلاف کھل کر بات کرتی آرہی ہیں اور اب وہ بین الاقوامی سطح پر بھی اس سنگین مسئلے پر بات کرتی نظر آئیں گی۔
اداکارہ و ہدایت کارہ اینجلین بہت جلد ایک ایسی ہولی وڈ فلم میں کام کرنے جارہی ہیں جس کی کہانی بچوں کی زبردستی شادی کرنے کے موضوع پر مبنی ہے۔
ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے اینجلین نے اس حوالے سے انکشاف کیا کہ یہ فلم ‘ونی’ کے گرد گھومتی ہے۔
اس حوالے سے اداکارہ نے کہا کہ ‘پاکستان میں آج بھی کئی علاقوں میں بچیوں کو شادی یا قتل یا دیگر تنازعات کو ختم کرنے کے لیے معاوضے کے طور پر کسی کے حوالے کردیا جاتا ہے، ونی بچوں کی زبردستی شادی کرنے کی بھی ایک مثال ہے، جس کا فیصلہ قبائلی علاقوں میں موجود جرگا کرتے ہیں’۔
اداکارہ کے مطابق ‘پاکستانی قانونی میں ونی کو غیر قانونی قرار دیا جاچکا ہے البتہ کچھ علاقوں میں یہ اب بھی جاری ہے’۔
اس فلم کے نام کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا البتہ اس کی پروڈکشن پاکستانی نژاد امریکی پروڈیوسر فران طاہر کررہے ہیں جو ہولی وڈ فلم ‘آئرن مین’ میں اہم کردار نبھاچکے ہیں۔
فلم میں اپنے کردار کے حوالے سے اینجلین ملک کا کہنا تھا کہ ‘میں فلم میں ایک ایسی ماں کا کردار نبھاتی نظر آؤں گی جو اپنے خاندان کو بچانے کے لیے اس رواج پر عمل کرنے پر مجبور نظر آتی ہے’۔
فلم کی ریلیز تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔