وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ایم ایل ون منصوبے کو پاکستان کی تاریخ بدلنے والا منصوبہ قرار دیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم 70 سال سے لنگڑی لولی ریلوے چلارہے ہیں مگر اب ایم ایل ون پاکستان کی تاریخ بدلنے والا منصوبہ ہے، اس سے ایک لاکھ سے زائد افراد کو روزگار ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے چین کے انجینئرز بھی آئیں گے اور ہماری لیبر کو بھی کام ملے گا، 90 فیصد نوکریاں پاکستانیوں کو ملیں گی
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ حکومت کا سب سے بڑا پروجیکٹ ایم ایل ون ہے، اسی سال ایم ایل ون پر کام شروع ہوجائے گا جس کے بعد ایم ایل ٹو ہے اور ایم ایل تھری بھی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے ٹریک 70.62 فیصد آبادی سے گزرتا ہے، ریلوے میں تین چار بنیادی حادثات ہوئے جس سے قریب علاقوں تک کی آبادی متاثر ہوئی تاہم اس منصوبے سے لوگوں کو متاثر نہیں کریں گے جو متاثر ہوا اس کو اچھا معاوضہ دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے لاہور سے کراچی کا سفر 7 گھنٹے کا ہوجائے گا اور مستقبل میں یلوے کا سارا سسٹم خود کار ہوجائے گا
شیخ رشید نے مزید کہا کہ ایم ایل ون اور نالہ لئی کےلیے میرے 14 سال گزر گئے اب اس کی تکمیل ہونے جارہی ہے، کوشش ہے کہ ریلوے کی ایک یونیورسٹی بھی بنائی جائے۔
علاوہ ازیں رمضان شوگر ملز ریفرنس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر فرد جرم عائد ہونے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ شہبازشریف پر فرد جرم لگی ہے، کیس سیریس ہے ، ان کو تعویز دھاگے کا کام کرنا چاہیے۔
پیپلز پارٹی پر بھی برستے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے کرمنل پروسیجر میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے، اور بیٹے (بلاول) کو پریس کانفرنسوں کیلیے رکھا ہوا ہے، اس اپوزیشن میں وہ دم خم نہیں جو اپوزیشن کی بنیاد ہو تا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب عدالت میں ہمارے لوگوں کو بھی بلایا جاسکتا ہے ،چینی کےکیس میں بھی بلایا جاسکتا ہے۔