ایمن خان اور منیب بٹ دوسری بیٹی کا چہرہ سوشل میڈیا پر کیوں نہیں دکھانا چاہتے: فنکار جوڑی نے وجہ بتادی

ایمن خان اور منیب بٹ دوسری بیٹی کا چہرہ سوشل میڈیا پر کیوں نہیں دکھانا چاہتے: فنکار جوڑی نے وجہ بتادی


پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف فنکار جوڑی، اداکارہ ایمن خان اور اداکار منیب بٹ نے بیٹیوں اور سوشل میڈیا سے متعلق بات کی ہے۔

اداکارہ ایمن خان اور منیب بٹ نے ایک ساتھ ڈیجیٹل پلیٹ فارم یوٹیوب چینل پر انٹرویو دیا ہے۔

ایمن خان نے انٹرویو کے دوران زیرِ گردش افواہوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے منیب بٹ نے کبھی انڈسٹری میں کام کرنے سے نہیں روکا ہے، یہ میرا اپنا فیصلہ تھا اور حالات بھی کچھ ایسے بن گئے کہ میں نے، شادی پھر منیب بٹ اور بعد ازاں بچوں کو وقت دینے کا فیصلہ کیا۔

ایمن خان کا کہنا تھا کہ میں منیب بٹ کی شخصیت میں کچھ نہیں بدلنا چاہتی، بس ایک خواہش ہے کہ منیب مذاق کرنے اور بغیر سوچے سمجھے بولنے کی عادت ترک کر دیں۔

دوسری جانب منیب بٹ نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ جب ایمن خان سے شادی ہوئی تھی، اس دوران میرے پاس اتنا پیسہ یا دولت نہیں تھی، ایمن سے شادی اور بچوں کی پیدائش کے بعد اللّٰہ نے رزق میں اضافہ کیا ہے۔

منیب بٹ نے بتایا کہ جب ہماری منگنی ہوئی تھی تو اس دوران ایمن کی عمر محض 17 سال تھی، اسی لیے 2 سال تک منگنی رہی، ہم نکاح کرنا چاہتے تھے مگر ایمن کا شناختی کارڈ نہیں بنا ہوا تھا، لوگ ہمیں ڈراتے تھے کے اتنے لمبے عرصے تک منگنی رکھنا مناسب نہیں، منگنیاں اکثر ٹوٹ جاتی ہیں۔

اداکار نے کہا کہ ایمن کے 20 سال کا ہونے پر ہم نے شادی کر لی تھی۔

دونوں فنکاروں سے جب بیٹیوں سے متعلق سوال کیا گیا تو ایمن اور منیب کا کہنا تھا کہ ہم اپنی چھوٹی بیٹی میرَل کو سوشل میڈیا پر دکھانا نہیں چاہتے ہیں، ایمل کے وقت ہمیں اتنا شعور نہیں تھا اسی لیے ہم نے ایمل کو سوشل میڈیا پر متعارف کروا دیا تھا۔

منیب بٹ کا اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایمل کو بہت لوگ جاننے لگ گئے ہیں، وہ ابھی بہت چھوٹی ہے، ہم کہیں باہر جاتے ہیں تو لوگ ایمل کو پیار کرنے کے لیے قریب آ جاتے ہیں، وہ ان چیزوں کو ابھی نہیں سمجھتی اس لیے وہ گھبرا جاتی ہے۔

منیب بٹ کا مزید کہنا تھا کہ ہم سمجھدار اور بڑے ہیں، ہمیں معلوم ہے کہ ہماری جانب آنے والے عوام ہم سے پیار کرنے والے ہمارے مداح ہیں، ہم ایسی صورتحال کو سنبھال لیتے ہیں مگر ایمل چِلّانا شروع کر دیتی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں