اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایمنسٹی اسکیم پر وزرا، پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے ایمنسٹی اسکیم پر بریفنگ کے لیے پیر کو اجلاس طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں تمام وزرا اور پی ٹی آئی و اس کی اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی شریک ہوںگے۔ اجلاس کے بعد وزرا و اراکین اسمبلی کے لیے افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کو ایمنسٹی اسکیم پر قائل کیا گیا ہے اور پاکستان کی ٹیم کی جانب سے آئی ایم ایف کو بتایا گیا ہے کہ یہ ماضی کی اسکیموں سے مختلف ہوگی اور اس کا مقصد ملکی معیشت کو دستاویزی بنانا ہے اور اب چونکہ بے نامی قانون پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کے پاس بیرون ملک اثاثے اور دولت رکھنے والے پاکستانیوں بارے بڑے پیمانے پر معلومات مل چکی ہیں اور ان کی ری کنسیلئیشن جاری ہے اس لیے اس موقع پر یہ اسکیم موثر رہے گی اور لوگوں کو ایک بار اپنی غیرقانونی دولت و اثاثہ جات کو ٹیکس کی ادائیگی پر قانونی حیثئیت دلوانے کا موقع دینے سے معیشت کو دستاویزی بنانے میں مدد ملے گی۔
پاکستان کا کہنا ہے کہ اس اسکیم سے 300 ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل ہوگا اس سے ایف بی آر کا اضافی ریونیو ایک ہزار ارب روپے کے قریب پہنچ سکتا ہے جو آئی ایم ایف کی تجویز کے قریب ہے اور اس سے صارفین کو ٹیکس کے اضافی بوجھ بھی زیادہ نہیں پڑے گا۔