لانگ ڈسٹینس اینڈ انٹرنیشنل (ایل ڈی آئی) کمپنیوں کے لائسنس کی تجدید نہ ہونے سے ملک میں 50 فیصد موبائل ٹریفک، سروس کوالٹی اور بزنس آپریشنز متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
دستاویز کے مطابق بزنس آپریشنز متاثر ہونے سے کئی موبائل ٹاورز آؤٹ آف سروس ہوجائیں گے، 10 فیصد انٹرنیٹ ٹریفک متاثر ہوگی، ملک میں 40 فیصد اے ٹی ایم کے کام کرنا چھوڑنے کا امکان ہے۔
ایل ڈی آئی کمپنیوں کے لائسنسز کی تجدید نہ ہونے سے پاکستان کی طرف آنے والی عالمی ٹریفک متاثر ہوسکتی ہے اور سروس دیگر آپریٹرز پر شفٹ کرنے سے عالمی کمیونی کیشن متاثر ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ ٹیلی کام کمپنیوں اور وزارت آئی ٹی کے درمیان بقایاجات کے معاملے پر تنازع ہے۔
وزارت آئی ٹی کی اسٹیئرنگ کمیٹی بھی بقایاجات کی وصولی کا فارمولا طے نہیں کر سکی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے لائسنس کی تجدید کے لیے بقایاجات کی ادائیگی کی شرط رکھی ہے۔
تین سے چار ایل ڈی آئی کمپنیوں کے لائسنس کی میعاد ختم ہوچکی ہے، کچھ ایل ڈی آئی کمپنیوں کے لائسنس کی میعاد آنے والے ماہ میں ختم ہوگی، تاہم کمپنیوں نے سروسز جاری رکھنے کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔