ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے

ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے


ٹیسلا اور اسپیکس جیسی کمپنیوں کے بانی ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک سے قبل لگژری مصنوعات بنانے والے گروپ ایل وی ایم ایچ لوئی وٹان موئت ہینیسے کے چیف ایگزیکٹو برنارڈ آرناولٹ دنیا کے امیر ترین شخص تھے۔

کمپنی کے اسٹاک میں کمی کے بعد برنارڈ آرناولٹ کی دولت میں کمی آئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کی دولت ایک کھرب 92 ارب ڈالر ڈالر جبکہ برنارڈ آرناولٹ کی دولت کا حجم ایک کھرب 87ارب ڈالر ہے۔

ایلون مسک سے قبل فرانسیسی بزنس مین برنارڈ آرنلٹ  دنیا کے امیر ترین شخص تھے—فوٹو: انسٹاگرام
ایلون مسک سے قبل فرانسیسی بزنس مین برنارڈ آرنلٹ دنیا کے امیر ترین شخص تھے—فوٹو: انسٹاگرام

یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ایلون مسک اپنی الیکٹرک کار کمپنی ٹیسلا کے شیئرز گرنے کے باعث اب دنیا کے امیر ترین شخص نہیں رہے اور ان کی جگہ برنارڈ آرناولٹ نے لے لی ہے۔

برنارڈ آرناولٹ کی لگژری سامان کی فروخت میں تیزی کی وجہ سے اس کی دولت میں اضافہ ہوا تھا تاہم اب ان کی کمپنی کے اسٹاک میں کمی آگئی ہے۔

ایلون مسک  ایک کھرب 92 ارب ڈالرز کے مالک ہیں—فوٹو: بی بی سی
ایلون مسک ایک کھرب 92 ارب ڈالرز کے مالک ہیں—فوٹو: بی بی سی

دوسری جانب ایلون مسک نے کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالر میں خریدا تھا جس کے بعد ٹوئٹر کی جانب سے کیے گئے معاہدے کا بوجھ ٹیسلا کے شیئرز پر بھی پڑا ہے۔

شئیرز پر اثر پڑنے کے بعد گزشتہ سال انہیں 2 کھرب ڈالرز کا نقصان ہوا تھا، تاہم بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق رواں سال ان کی دولت میں 55 ارب 30 کروڑ ڈالرز سے زائد کا منافع ہوا ہے، اس کی اہم وجہ ٹیسلا کے شئیرز کی قیمت میں 66 فیصد اضافہ ہے۔

ٹیسلا کے علاوہ 51 سالہ ایلون مسک راکٹ کمپنی اسپیس ایکس اور نیورالنک کے سربراہ بھی ہیں، نیورالنک ایک اسٹارٹ اپ ہے جو انسانی دماغ کو کمپیوٹر سے جوڑنے کے لیے الٹرا ہائی بینڈوتھ برین مشین انٹرفیس تیار کر رہا ہے۔

ایلون مسک کی کامیابی کا راز کیا ہے؟

کچھ سال قبل 2021 میں ایلون مسک نے اپنی کامیابی کا راز برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا تھا۔

چونکہ ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن چکے ہیں اس لیے ان کے پرانے انٹرویو پر دوبارہ نظر ڈالتے ہیں۔

1. صرف پیسے کمانے کے بارے میں مت سوچیں

ایلون مسک کہتے ہیں کہ وہ دولت کمانے کے شوقین افراد کے خلاف نہیں،پیسہ کمانے کے پیچھے ضرور بھاگیں لیکن شرط یہ ہے کہ یہ اخلاقی اور بہتر انداز میں ہو۔

وہ کہتے ہیں کہ دولت ان کو آگے بڑھنے میں حوصلہ افزائی نہیں دیتی۔

وہ سمجھتے ہیں کہ اگر میری زندگی کا خاتمہ ایسے ہوا کہ ان کے بینک میں کروڑوں ڈالرز جمع ہیں تو وہ اسے ناکامی سمجھیں گے کیونکہ اس کا مطلب ہوگا کہ انہوں نے اپنی دولت کا صحیح استعمال نہیں کیا۔

2. اپنے شوق کا پیچھا کریں

ایلون مسک کہتے ہیں کہ اگر آپ اپنا مستقبل بہتر بنانا چاہتے ہیں تو نئی اور دلچسپ چیزیں کریں جس کی مدد سے آپ کی زندگی کا معیار بہتر ہو۔

وہ چاہتے ہیں کہ لوگ زمین سے آگے بڑھ کر سوچیں، ان کا خواب ہے کہ وہ لوگوں کو مریخ تک پہنچائیں گے اور چاند پر ایک اڈہ بنائیں گے۔

3. کچھ بڑا کرنے سے گھبرائیں نہیں

ایلون مسک اپنے کاروبار کے بارے میں نڈر شخصیت کے مالک ہیں۔

وہ اپنی زندگی میں کچھ بڑا کرنے کے جستجو میں لگے رہتے ہیں، 2025 کے مریخ مشن کے لیے ایلون مسک نے مریخ کے مدار میں چھوڑنے کے لیے اسٹار لنک سیٹلائیٹ پر کام شروع کیا تھا۔

ایلون مسک کا کہنا ہے کہ جب مریخ پر شہر بس جائے گا تو وہاں کے افراد کو ایک دوسرے سے رابطے کی ضرورت ہو گی۔ مصنوعی سیارہ مریخ پر رہنے والوں کے لیے نہ صرف انٹرنیٹ پہنچائے گا بلکہ یہ ٹیم سیارے کے زمین کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے ایک پُل کا کام کرے گی۔

وہ ویکیوم ٹنلز میں تیز رفتار ٹرین، مصنوعی ذہانت کو انسانی دماغ سے مربوط کرنا چاہتے ہیں اور شمسی توانائی اور بیٹری کی صنعتوں کو مزید آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

4. رسک لینے کے لیے تیار رہیں

ایلون مسک کہتے ہیں کہ کامیاب ہونے کے لیے رسک لینا لازمی ہے اور ایسا کرنے کے لیے ہرگز نہ گھبرائیں۔

وہ کہتے ہیں کہ ان کی کمپنیوں کو ہر طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اسپیس ایکس کے پہلے تین لانچ ناکام ہوگئے تھے، ٹیسلا میں پروڈکشن سپالئی چین اور ڈیزائن کے مسائل کا سامنا تھا جس کے بعد انہیں کافی مالی بحران کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ حالات گھبیر ہوچکے تھے کہ وہ مقروض ہوگئے، دوستوں سے روزہ مرہ کے اخراجات کے لیے قرض لینا پڑا۔

یہی نہیں بلکہ ایلون مسک نےبتایا کہ اگر زندگی میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو تنقید کرنے والوں کی باتوں پر کان نہ دھریں، آپ زندگی میں کسی بھی مقام پر پہنچ جائیں لوگ تنقید کرنا نہیں چھوڑیں گے۔

اس کے علاوہ زندگی کا مزہ لیں، جو کام آپ کررہے ہیں اسے بھرپور انداز اور محنت سے کام کریں آخر میں اس کا نتیجے کا مزہ لیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں