اسلام آباد:
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ہدف سے 42 ارب زائد ریونیو حاصل کرلیا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نےرواں مالی سال 2020-21 کے پہلے دوماہ (جولائی، اگست) کے دوران مقرر ہدف سے 42 ارب روپے زائد کی ٹیکس وصولیاں حاصل کرلی ہیں، اس حوالے سے فیڈرل بور ڈ آف ریوینیو نے ماہ جولائی و اگست کی حاصل کردہ ریوینیو تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے مالی سال 21- 2020 کے پہلے 2 ماہ کے مقر ر کردہ ہدف 551 ارب کے مقابلے میں 42 ارب کے اضافہ کے ساتھ 593 ارب اکھٹے کئے ہیں، جو کہ مقررکردہ ریوینیو ہدف کا 108 فیصد بنتے ہیں، جب کہ پچھلے سال جولائی و اگست میں 582 ارب روپے اکھٹے ہوئ تھے جو کہ اس سال اضافہ کے ساتھ 593 ارب اکھٹے ہوئے ہیں۔
کاروباری کمیونٹی کی کورونا وبا کے باعث معاشی مشکلات کو دور کرنے کے لئے ماہ جولائی و اگست میں 30.6 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے گئے، جو کہ پچھلے سال 11 ارب روپے کے تھے، سیلز ٹیکس ریفنڈز بھی مرکزی اور خود کار فاسٹر نظام کے تحت حکومت کے کئے گئے وعدے کے مطابق 72 گھنٹوں کے اندر جاری کئے جارہے ہیں۔