ایشیا کپ کیلیے پی ایس ایل 6 کی قربانی خارج از امکان قرار


 لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی سی بی نے ایشیا کپ کیلیے پی ایس ایل 6 کی قربانی کو خارج از امکان قرار دے دیا ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق ایشیائی ایونٹ رواں سال ہی کسی نیوٹرل مقام پر کروانے کے لیے پر امید ہیں، بھارتی میڈیا میں سامنے آنے والی تجویز پر غور کرنے کی بھی ضرورت نہیں۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ایشیا کپ کی رواں سال سری لنکا یا یو اے ای میں میزبانی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ستمبر یا اکتوبر میں مقابلے کروا سکتے ہیں، بھارتی میڈیا میں سامنے آنے والی رپورٹ میں ایک بی سی سی آئی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ستمبر، اکتوبر کی ونڈو ہمارے لئے موزوں نہیں، پی سی بی آئندہ سال فروری، مارچ میں ہونے والی پی ایس ایل 6 کو ملتوی کرکے ایشیاکپ کی میزبانی کرلے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے رواں سال پاکستان کی لیگ کے تو پلے آف میچز ملتوی کرنا پڑے تھے جب کہ آئی پی ایل کا ایک میچ بھی نہیں کھیلا جا سکا، بھارت اکتوبر، نومبر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے التوا کا منتظر ہے تاکہ اپنی لیگ کے لیے کوئی راستہ تلاش کر سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں