ایشین ڈیولپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کے تعاون سے ملک بھر میں جاری ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کے انرجی کے شعبے سے متعلق منصوبے عمل درآمد کی سنگین تاخیر کا شکار ہیں۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں تاخیر کے شکار انرجی کے منصوبے سے متعلق یہ بات اقتصادی امور کے وفاقی وزیر خسرو بختیار کی صدارت میں ہونے والے اہم اجلاس کے دوران سامنے آئی۔
دو روزہ اجلاس میں ایشین ڈیولپمنٹ کی کنٹری ڈائریکٹر شیا ہانگ یانگ سمیت منصوبہ بندی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین اور متعلق اداروں کے عہدیداروں اور اہم حکومتی اہلکاروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے چلنے والے تمام 6 ارب 60 کروڑ ڈالر کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایشین بینک کے تعاون سے ملک بھر میں جاری انرجی کے علاوہ دیگر تعمیراتی اور اصلاحتی منصوبوں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، تاہم انرجی کے شعبے کے منصوبوں پر سخت عدم اطمینان ظاہر کیا گیا۔
اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر سے جاری ہائی ویز اور کمیونیکیشن سیکٹر سمیت فیڈرل بورڈ آف روینیو (ایف بی آر) اور نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ (این ڈی آر ایف) کے منصوبوں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
پاور ڈویژن کے ایک عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ انرجی کے شعبے میں زیر تکمیل 5 میں سے 4 منصوبے سنگین تاخیر کا شکار ہیں، جو افرادی قوت، زمین کے حصول اور آپریشنل انتظامی مسائل کا شکار ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مذکورہ منصوبوں میں اسی طرح غیر معمولی تاخیر ہوتی رہی تو بینک تعمیراتی منصوبوں کے قرض کینسل کر سکتا ہے۔
انہوں نے منصوبوں میں سنگین تاٰخیر میں اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کی مداخلت کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جلد ہی مسئلے کو وزیر اعظم کے سامنے اٹھایا جائے گا۔
تاخیر کے شکار منصوبوں میں 60 کروڑ ڈالر سے زائد کی لاگت کے 660 میگا واٹ (ایم ڈبلیو) کا جامشورو پاور جنریشن پروجیکٹ منصوبہ، 50 کروڑ ڈالر سے زائد کا پاور ٹرانسمشن لائن بڑھانے کا منصوبہ اور 40 کروڑ ڈالر کا پاور ڈسٹری بیوشن کی استعداد بڑھانے کا منصوبہ شامل ہیں۔
ایشین بینک کے تعاون سے جاری انرجی شعبے کا چھوٹی بجٹ 80 لاکھ ڈالر کا منصوبہ اچھی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے، تاہم وہ منصوبہ بھی اعلیٰ حکام کی توجہ کا طلب گار ہے۔
اجلاس میں ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے تعاون سے 90 کروڑ کے نیشنل ہائی وی اتھارٹی اینڈ کمیونیکیشن اور ایف بی آر کی جانب سے 25 کروڑ ڈالر کی لاگت سے طورخم بارڈر پر جدید آلات لگانے کے منصوبوں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں ملک بھر میں کلائمیٹ چینج اور صحت سے متعلق شروع کیے گئے نئے منصوبوں پر بھی بات کی گئی اور وفاقی وزیر خسرو بختیار نے ملک بھر میں اہم اور متعدد منصوبوں میں معاونت کرنے پر ایشین بینک کے کردار کی تعریف بھی کی۔