بے شمار کاسمیٹکس سرجریاں کرا کر ہالی وڈ اسٹار اینجلیناجولی کی نقل کرنے والی ایرانی لڑکی سحر تبار کو جیل میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انسٹاگرام پر مشہور ہونے والی 22 سالہ سحر تبار کی وکیل کا کہنا ہے کہ سحر میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کی حالت تشویش ناک ہے، انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
سحر تبارکی وکیل کا کہنا ہے کہ انہوں نے ججز سے متعدد بار درخواست کی ہے کہ ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے سزا کم کی جائے لیکن ہر بار ان کی درخواست مسترد کر دی گئی۔
واضح رہے کہ ایرانی لڑکی سحر تبار کو 2019 میں تشدد پر اکسانے، نوجوانوں میں کرپشن کی حوصلہ افزائی کرنے اور اور غیر قانونی ذرائع سے آمدن حاصل کرنے کے جرم میں حراست میں لیا گیا تھا۔
ایران میں اس وقت کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 76 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بھی 4 ہزار 700 سے زائد ہے۔