ایران نے دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر افغانستان کے ساتھ سرحد سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق 2021 میں افغانستان میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے خطے اور بالخصوص پڑوسی ممالک میں دہشتگرد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے، طالبان کے زیر اثر متعدد دہشتگرد تنظیموں مثلاً ٹی ٹی پی اور اسلامی ریاست خراساں کو افغان سر زمین پر محفوظ پناہ گاہیں میسر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق طالبان کی سرپرستی میں ان تنظیموں کی جانب سے پاکستان اور ایران میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، حال ہی میں ایران نے دہشتگردی کے واقعات کے پیش نظر افغانستان کے ساتھ سرحد سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
بڑھتی دہشتگردی سے تنگ آکر ایران نے افغان سرحد پر 3 سو کلو میٹر لمبی اور 4 میٹر اونچی دیوار کھڑی کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد شروع کر دیا۔
اس سے قبل ایرانی وزیر دفاع محمد رضا اشتیانی نے کہا ہے افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی بحالی اور فعال ہونا خطے کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے، کرمان بم دھماکے میں بھی دہشتگرد افغانستان سے ایران آئے جس کی وجہ سے ملکی سیکیورٹی کو شدید نقصان پہنچا۔