ایران نے یوکرین کو طیارے کے بلیک باکس تک رسائی دے دی


تہران: ایران نے یوکرین میزائل سے تباہ ہونے والے طیارے کے بلیک باکس تک رسائی دے دی۔

یوکرین کے وزیر خارجہ ویدیم پرسٹاکیو  نے پریس کانفرنس کرتے  ہوئے کہا کہ ہمارے تفتیش کاروں نے تباہ ہونے والے طیارے کے بلیک باکس تک رسائی حاصل کرلی ہے، ایران نے یوکرین کی 50 رکنی ٹیم کو بلیک باکس اور جائے حادثہ تک رسائی دی۔

انہوں نے کہا کہ ہم جہاز کے ٹکڑوں کے ساتھ لاشوں کا بھی کیمیکل تجزیہ کررہے ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے مکمل تعاون کیا جارہا ہے، ہم کسی نتیجے تک پہنچنا چاہتے ہیں اور ہم اب تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچے ہیں جب کہ ہم کسی بھی امکان کو رد بھی نہیں کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایران میں 8 جنوری کو یوکرین کا طیارہ تباہ ہوا جس میں سوار تمام 176 افراد ہلاک ہوئے، ابتدا میں ایران نے واقعے کو حادثہ قرار دیا تاہم بعد میں امریکا اور دیگر یورپی ممالک کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ ایران نے مسافر طیارے کو میزائل سے نشانہ بنایا۔

ایران نے یورپی ممالک کےدعوؤں کی کئی بار نفی کی تاہم اندرونی تحقیقات کے بعد ایران نے یوکرین کے طیارے کو غلطی سے مار گرانے کا اعتراف کرلیا اور اس پر معذرت بھی کی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں