ایران میں کورونا سے ممکنہ ہلاکتوں کے پیش نظر 10 ہزار قبریں تیار


تہران: ہری انتظامیہ نے کورونا وائرس سے ہونے والی ممکنہ اموات کے پیش نظر تہران میں 10ہزار قبریں تیار کرلی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تہران کی سٹی کونسل کے ایک رکن مجتبی یزدارنی  کے مطابق اتوار کو اراکین کو بتایا گیا ہے کہ دار الحکومت کے جنوب میں واقع ملک  کے سب سے بڑے قبرستان ’بہشتِ زہرا‘‘ کے رقبے میں 12 سو 35 ایکڑ کا اضافہ کرکے کورونا وائرس سے ہونے والی ممکنہ ہلاکتوں کے پیش نظر 10 ہزار قبریں تیار کرلی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ قبرستان میں قائم ایمرجینسی شیلٹر میں میت کو غسل دینے کا انتظام بھی کردیا گیا ہے۔

مجتبی یزدانی کے مطابق کورونا وائرس سے مرنے والوں کے لیے دو میٹر گہری قبر بنائی جاتی ہے۔ ایران کے بعض شہروں میں میت کو جراثیم سے پاک کرنے کے لیے تدفین کے وقت قبر میں ان بجھا چونا بھی ڈالا جاتا ہے اور بعض علاقوں میں اس کی پابندی نہیں کی جاتی۔ واضح رہے ’’بہشت زہرا‘‘ ایران کا سب سے بڑا قبرستان ہے جس میں 17 لاکھ قبریں موجود ہیں۔

ایران میں اب تک 73 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے جب کہ 4 ہزار 5سو سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں