وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق وفاقی کابینہ نے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے متعلق پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ ایئر پورٹس کے انتظامات کو نجی شعبے کے حوالے کرنے سے متعلق بات ہوئی۔
علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے اگست 2016 کے بعد سے تمام وزارتوں میں قوائد و ضوابط پر عمل کے کیے بغیر کی گئی بھرتیوں سے متعلق تفصیلات جمع کرانے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دے دیا۔
علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ معاملے پر اب تک تفصیلات جمع نہ کرانے والی وزارتوں پر برہمی کا اظہار کیا اور انہیں ایک ہفتے میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔
سینیٹر شبلی فراز نے بتایا کہ وفاقی کابینہ میں اشتہارات کی مد میں میڈیا کو ادائیگی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ معاملے پر بحث کا مقصد عید سے قبل میڈیا ہاؤسز کے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنانا ہے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے ذمہ عائد تمام واجبات ادا کریں تاکہ عید سے قبل میڈیا ورکرز کو اپنے تمام واجبات مل سکیں۔