اسلام آباد: وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے انکشاف کیا ہے کہ اہم وفاقی وزارتوں کی ویب سائٹس غیر محفوظ ہیں، ان وزارتوں کی ویب سائٹس ہیکرز کا آسان ہدف ہیں۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس کمیٹی کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، جس میں وزارت کے بجٹ کی موجودہ صورتحال اور اب تک کے اخراجات کے متعلق بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حکام نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے نیشنل جاب پورٹل بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور جاب پورٹل پر قومی اور صوبائی سطح کی تمام جابز دستیاب ہوں گی، این آئی ٹی بی وزیراعظم کی ہدایات پر پورٹل کی تشکیل 30 جون تک مکمل کرلی جائے گی۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ ای آفس منصوبے کی لاگت 440 ملین ہے، اور ابھی تک 400 ملین استعمال کیے جاچکے ہیں، جب کہ 11 وزارتیں ابھی تک ای آفس کے زیرو لیول پر ہیں اور 17 وزارتوں نے این آئی ٹی بی کی ٹیمپلیٹ استعمال کی ہے، اہم وفاقی وزارتوں کی ویب سائٹس غیر محفوظ ہیں اہم وزارتوں کی ویب سائٹس ہیکرز کا آسان ہدف ہیں، اجلاس میں بتایا گیا کہ 4 ہزار سے زائد سرکاری افسران کی ای میل آئی ڈیز بنائی ہیں۔
کمیٹی کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ آئی ٹی کے منصوبے انتہائی اہم ہیں اور تمام اخراجات کو مناسب منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھایا جائے۔ سینیٹر رحمان ملک نے ایف آئی اے کے استعداد کار کو بڑھانے کیلئے خصوصی فنڈ فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سائبر کرائمز خصوصی نوعیت کا حامل ہے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ ایف آئی اے کو جدید آلات اور آئی ٹی کے شعبے میں درکار مہارت سے لیس کیا جائے، ایف آئی اے وزارت آئی ٹی کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے لہذاصرف قانون بنا دینا کافی نہیں ہوتاہے۔