اسلام آباد:
وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ پاکستان پر واجب الادا قرضوں کا حجم اگلے 7 برسوں میں 31 ارب ڈالر ہوجائے گا۔
وزارت خزانہ کے لگائے گئے تخمینے میں آئی ایم ایف سے ملنے والا متوقع قرض شامل نہیں ہے۔ یہ تخمینہ ایکسٹرنل پبلک ڈیٹ کی بنیادوں پر لگایا گیا ہے جو فروری 2019 کے اختتام پر 74 ارب ڈالر تھا جب کہ عالمی مالیاتی فنڈ سے ماضی میں لیے گئے قرضے بھی ان ری پیمنٹس کا حصہ نہیں ہیں۔
وزارت خزانہ کے ڈائریکٹر جنرل ڈیٹ آفس عبدالرحمان وڑائچ نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مستقبل میں مجموعی پبلک ڈیٹ جی ڈی پی کے اعتبار سے مزید بڑھ جائے گا۔
عبدالرحمان وڑائچ نے بتایا کہ مارچ 2019 کے اختتام پر پاکستان کا پبلک ڈیٹ28.6 ٹریلین روپے تھا جو جی ڈی پی کے 74.5 فیصد کے مساوی ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے 5 سال میں یہ تناسب میکرواکنامک صورتحال کے بعد 65 فیصد کی سطح پر آجائے گا۔