اکتوبر میں 320 ارب روپے کے محصولات اکھٹے کیے، شبر زیدی


چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) شبر زیدی کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں 320 ارب روپے کے محصولات اکھٹے کیے جو گذشتہ سال اسی عرصے میں حاصل ہونے والے محصولات کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ ہیں۔

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شبرزیدی کا کہنا تھا کہ الحمد اللہ، مقامی ٹیکسوں کی وصولی میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں ٹیکس وصولیوں کا ہدف 376 ارب روپے تھا،اس طرح اکتوبر کے مہینے میں ٹیکس وصولیوں کے ہدف میں 56 ارب روپے کی کمی رہی جب کہ گذشتہ 4 مہینوں میں مجموعی طور پر 172 ارب روپے کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔

 ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع

اس کے علاوہ ایف بی آر نے گذشتہ مالی سال کے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں 30 نومبر تک توسیع کر دی ہے، 31 اکتوبر ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کا آخری دن تھا۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق ابھی تک تقریباً 10 لاکھ افراد نے ٹیکس گوشوارے جمع کروائے ہیں ،جبکہ گذشتہ سال 29 لاکھ افراد نے ٹیکس گوشوارے جمع کروائے تھے۔

بڑے شہروں کے تاجر کتنا ٹیکس دیتے ہیں ؟

ایف بی آر نے بڑے شہروں کے ٹیکس گزار دکانداروں کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔

ایف بی آر کے اعداد و شمار کے مطابق  کراچی کے 85 ہزار تاجر رجسٹرڈ ہیں جو 30 ارب روپے سالانہ ٹیکس ادا کرتے ہیں، دوسرا نمبر راولپنڈی کا ہے جہاں کے 6 ہزار  580 تاجر رجسٹرڈ ہیں جو ایک ارب 9کروڑ روپے ٹیکس ادا کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں بڑے ٹیکس فائلرز دکانداروں کی تعداد 6ہزار428 ہے جو ایک ارب 93 کروڑ روپے ٹیکس ادا کرتے ہیں۔

فیصل آباد کے ٹیکس فائلرز دکانداروں کی تعداد 2 ہزار 266 ہے یہ 14 کروڑ روپے سے زائد ٹیکس ادا کرتے ہیں۔

جب کہ لاہور میں ٹیکس فائلرز دکانداروں کی تعداد 3ہزار 925 ہےاور یہ 56 کروڑ روپے ٹیکس ادا کرتے ہیں ۔


اپنا تبصرہ لکھیں