اچھی بات ہے، مولانا فضل الرحمٰن سچ بول رہے ہیں، علی امین گنڈاپور

اچھی بات ہے، مولانا فضل الرحمٰن سچ بول رہے ہیں، علی امین گنڈاپور


وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ اچھی بات ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن سچ بول رہے ہیں، ان کے دل میں اور بھی راز ہیں۔

یوم مزدور کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس عمر میں اگر مولانا صاحب کلمہ حق پڑتا ہے تو ہم ساتھ دیں گے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں نے گرائی، مولانا صاحب اب تمام باتوں کی وضاحت کریں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب دھاندلی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں مگر ان کو میں نے ہرایا ہے، مولانا فضل الرحمٰن کا مینڈیٹ چوری نہیں ہوا بلکہ ان کے ساتھ دھوکا ہوا۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ مزدور اور محنت کش طبقہ کے مسائل ختم کریں گے، مزدوروں کے لیے قوانین میں اصلاحات لا رہے ہیں، جس کے ساتھ زیادتی ہوگی، حکومت اس کا ساتھ دے گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ حکومت کبھی بھی زیادتی کرنے والے کا ساتھ نہیں دے گی، مزدوروں کے تمام پیکج ڈبل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر چیز کا علاج ہے اور مجھے علاج کا پتا ہے، ہم یہاں مسائل کے حل کرنے کے لیے بیٹھے ہیں، مزدوروں کی اجرت 32 ہزار ہے، تو 32 ہزار ہی ہونی چاہیے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ویجز مجسٹریٹ کو بھرتی کرکے اجرت پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، انڈسٹریز کے لیے سستی بجلی کا منصوبہ لا رہے ہیں، 25، 30 وزرا یا 91 ممبران میرے مسائل ختم نہیں کرسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کا ساتھ ہوگا، تو مسائل حل کریں گے، گھوڑے کو لگام لگانا اور اسے تیز بھگانا جانتا ہوں۔


اپنا تبصرہ لکھیں