‘اپوزیشن کے جلسوں سے پنجاب میں کورونا وائرس میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا’


پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے جلسوں سے پنجاب میں کورونا کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔

لاہور میں ایڈز سے متعلق آگاہی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان سمیت وزیر صحت یاسمین راشد، کنٹری ڈائریکٹر یو این ایڈز ڈاکٹر ماریہ علینہ فیلیو نے شرکت کی۔

سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو کورونا پر سیاست چمکاتے ہوئے ہوش کے ناخن لینے ہوں گے۔

پی ڈی ایم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ بختاور کی منگنی پرکورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے والے جلسوں کی عوام کے دشمن ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کا بہترین علاج جاری ہے تاہم اپوزیشن کے جلسوں سے پنجاب میں کورونا وائرس میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔

وزیر صحت پنجاب نے سیمینار سے گفتگو کے دوران مزید کہا کورونا وائرس سے بچاؤ کا واحد حل احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہے۔

دوسری جانب سیمینار سے خطاب میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ عالمی ایڈز  پروگرام کی رپورٹ کی سفارشات ایڈزکی روک تھام کے لیے مددگار ثابت ہوں گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں