پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ عروہ حسین نے اپنے اوپر ہونے والی تنقید پر ردعمل ظاہر کر دیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے اسٹوری شیئر کرتے ہوئے کہا کہ جو کوئی اچھا کام کرتا ہے میں اس کی حمایت کرتی ہوں اس کی پرواہ کئے بغیر کہ کون کام کر رہا ہے یا اس کا کس سیاسی جماعت سے تعلق ہے۔
انہوں نے اسٹوری میں طویل پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جب کوئی کسی کے ایک اچھے کام کی تعریف کرتا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ وہ اس کے ہر اقدام کی حمایت کر رہا ہے یا پھر اس کے لیے جوابدہ ہے۔
انہوں نے تنقید کرنے والوں کا نام لیے بغیر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے جذبات کی قدر کرتی ہوں جو آپ اپنے ملک کے لیے رکھتے ہیں، لیکن اگر آپ کسی چیز کے بارے میں نہیں جانتے تو اس کے بارے میں پوچھ سکتے ہیں بجائے اس کے کہ نفرت پھیلائیں۔ یہ صرف آپ کی تربیت کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ مجھے یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ ہمارے نوجوان، ہماری قوم کیا بن گئی ہے، دنیا ہمیں کس نظر سے دیکھتی ہوگی۔ میری آپ سے درخواست ہے کہ ہمارے ملک کا یہ امیچ نہ بنائیں، دنیا یہ دیکھ کر ہم پر ہنستی ہوگی کہ ہم اپنوں سے کتنی نفرت کرتے ہیں اور اپنوں کی برائی کرتے ہیں اس کے بجائے آپ کو اپنے ملک کی اتنی فکر ہے اس لئے اپنے ملک کی خاطر کوئی اچھا کام کرلیجئے۔ آپس میں لڑنے سے کچھ نہیں ہوگا۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ یہ وضاحت صرف اس نیک نیت سے اس لیے دے رہی ہیں تاکہ تمام ناقدین اپنا خون کھولانا بند کریں، کیونکہ پہلے ہی گرمی بہت ہے۔
عروہ نے یہ بھی کہا کہ اتنی غلط فہمیاں نہ پالیں کہ آپ کی اپنی طبعیت خراب ہوجائے، میں بھی اس ملک کا حصہ ہوں، یہاں کی شہری ہوں اور اپنی فیلڈ میں محنت سے کام کرنے کی کوشش کر رہی ہوں۔
انہوں نے اپنی بات دہراتے ہوئے لکھا کہ وہ اس ملک میں خواتین کے لیے ہونے والے ہر چھوٹے سے چھوٹے مگر اچھے کام کی حمایت ہمیشہ کرتی رہیں گی اس بات سے قطع نظر کہ وہ کام کس سیاسی جماعت نے کیا ہے، کیونکہ ان کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ہے اور وہ پاکستان کے لیے ہمیشہ دعا گو رہیں گی۔
اپنی پوسٹ کے اختتام پر انہوں نے وطن عزیز کے لیے دعا کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ اس ملک میں رہنے والے تمام افراد اور اس ملک کی خیر کرئے۔ امین۔