lse
کراچی:
نئے سال کے آغاز پر بھی مہنگائی کا سلسلہ جاری ہے اورپیٹرول، آٹا، چینی، گھی اور تیل کے بعد دالیں اور چاول بھی مہنگے ہوگئے۔ہول سیل مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران دالیں 15 روپے مہنگی ہوگئی ہیں، ہول سیل مارکیٹ میں ماش کی دال 15 روپے مہنگی ہوگئی، ہول سیل میں ماش کی دال 225 روپے سے بڑھ کر 235 روپے کلو ہوگئی جب کہ ریٹیل مارکیٹ میں ماش کی دال 245 سے 250 روپے کلو فروخت ہورہی ہے، ہول سیل میں مونگ کی دال بھی 15 روپے مہنگی ہوگئی،مونگ کی دال 230 روپے سے بڑھ کر 245 روپے کلو پر پہنچ گئی ہے۔
ریٹیل مارکیٹ میں مونگ کی دال 250 سے 255 روپے کلو فروخت ہورہی ہے، ہول سیل میں باسمتی چاول بھی 10 روپے کلو مہنگا ہوگیا ہے اورچاول درجہ اول باسمتی 120 روپے کلو سے بڑھ کر 140 روپے کلو پر پہنچ گیا ہے،ریٹیل مارکیٹ میں باسمتی چاول درجہ اول 160 سے 180 روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔
چنے کی دال میں 10 روپے فی کلو کمی آئی ہے اور چنے کی دال ہول سیل مارکیٹ میں 130 روپے سے کم ہوکر 120 روپے کلو پر آگئی،شہریوں کا کہنا ہے کہ سندھ اور وفاقی حکومت کی پالیسیوں نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی۔
سندھ حکومت انڈے، مرغی کے گوشت، سبزیوں کی بھی سرکاری نرخ پر فروخت کرانے میں ناکام ہے، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نااہل نکلے، انڈے بھی سرکاری نرخ پر فروخت نہ کراسکے ،مارکیٹوں میں ہر چیز مہنگی بک رہی ہے۔