چینی موبائل کمپنی ’آنر‘ نے اپنی مقبول ’70‘ سیریز کے دو فونز کو مختلف ماڈیولز کے ساتھ ایڈوانس ٹیکنالوجی کے حامل کیمروں اور چِپِ سیٹس کے ساتھ متعارف کرادیا۔
کمپنی نے ’آنر 70 پرو‘ اور ’آنر 70 پرو پلس‘ کو مختلف میموریز کے ماڈلز میں پیش کیا ہے، تاہم دونوں فونز پر ایک جیسے ہی کیمرا دیے گئے ہیں۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ دونوں فونز کے چپ سیٹس کو ایڈوانس ٹیکنالوجی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے جب کہ ان کے کیمروں میں سونی کی ٹیکنالوجی کو متعارف کرایا گیا ہے۔
’آنر 70 پرو‘
اس فون کے بیک پر تین کیمرا دیے گئے ہیں، جس میں سے مین کیمرا 54 میگا پکسل جب کہ دوسرا 50 اور تیسرا 8 میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو ٹیکنالوجی کا فوکس کیمرا دیا گیا ہے۔
اس فون کی اسکرین 6.78 انچ رکھی گئی ہے جب کہ اس میں 4500 ایم اے ایچ کی بیٹری 100 واٹ چارجر کے ساتھ دی گئی ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ فون کو محض 30 منٹ میں زیرو سے 100 فیصد تک چارج کیا جاسکتا ہے اور اس میں ڈیمنسٹی 800 کی چپ دی گئی ہے۔
اینڈرائڈ 12 کے آپریٹنگ سسٹم کے حامل اس موبائل کے فرنٹ پر 50 میگا سیلفی کیمرا دیا گیا ہے اور اسے مختلف ماڈیولز میں مختلف قیمت پر فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
آنر 70 پرو کے 8 جی بی ریم کے حامل موبائل کی قیمت ایک لاکھ 10 ہزار روپے جب کہ 12 جی بی ریم کے موبائل کی قیمت ایک لاکھ 25 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے۔
’آنر 70 پرو پلس‘
کمپنی نے اس فون کی اسکرین بھی 6.78 انچ رکھی ہے اور اس کے بیک پر بھی تین کیمرا دیے ہیں جو کہ آنر 70 پرو میں دیے گئے تھے۔
یعنی اس کے بیک پر بھی 54 میگا پکسل کا مین کیمرا دیا گیا ہے جب کہ دوسرا 50 میگا اور تیسرا 8 میگا پکسل کا کیمرا دیا گیا ہے اور اسی طرح اس کا سیلفی کیمرا بھی 50 میگا پکسل رکھا گیا ہے۔
اس فون کی بیٹری بھی اتنی ہی طاقتور ہے جتنی آنر 70 پرو کی ہے اور اس کا چارجر بھی 100 واٹ کا رکھا گیا ہے۔
تاہم آنر 70 پرو پلس کی چپ ڈیمنسٹی 900 کی رکھی گئی ہے جب کہ اسے بھی مختلف ماڈیولز میں پیش کیا گیا ہے اور اس کی قیمت بھی زیادہ رکھی گئی ہے۔
آنر 70 پرو پلس کے 8 جی بی ماڈیول کی قیمت ایک لاکھ 28 ہزار روپے جب کہ 12 جی بی ریم کے حامل ماڈیول کی قیمت ایک لاکھ 37 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے۔