پاکستان ڈرامہ انڈسٹری میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے آغا علی نے اداکارہ حنا الطاف کے ساتھ تعلق کی وضاحت کردی۔
آغا علی نے اپنے اور حنا الطاف کے ساتھ تعلق کے حوالے سے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔
آغا علی نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’حنا ایک بہت اچھی لڑکی ہے اور ایک اچھے انسان کی حیثیت سے میں اسے بہت پسند کرتا ہوں بس، میں اس کے ساتھ اچھا وقت گزارتا ہوں ہم بہت ہنستے ہیں، کبھی ہم ویڈیو گیم کھیلتے ہیں اور ابھی حال ہی میں ہم ایک ایونٹ پر ساتھ چلے گئے تھے‘۔
انہوں نے اپنے اور حنا کے تعلق کی وضاحت کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’ہمارا ڈرامہ بہت کامیاب رہا، ہم ایک اچھے دوست ہیں لوگ تو کچھ بھی بولیں گے، میں ایک فوٹو کل ڈال دوں کسی کے بھی ساتھ تو پرسوں مجھے ایک فون آجائے گا کہ یار کیا ہورہا ہے؟ دنیا میں بہت سے ایسے لوگ انتظار میں ہوتے ہیں کہ انہیں یہ کہنے کا موقع مل جائے‘۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سوشل میڈیا پر آغا علی اور حنا الطاف کی بڑھتی قربتوں کے چرچے ہورہے تھے، دونوں نے حال ہی میں جیو ٹی وی پر ایک ڈرامہ ’دلِ گمشدہ‘ بھی کیا تھا جس میں ان کی جوڑی کو بے حد پسند بھی کیا تھا۔
دوسری جانب حنا الطاف کی سالگرہ کے موقع پر آغا علی کی جانب سے اداکارہ کو سرپرائز دیا گیا تھا جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دونوں کے تعلق کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں۔
اسی ضمن میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے آغا علی کو تنقید کا بھی نشانہ بنایا جا رہا تھا کیونکہ آغا علی اور اداکارہ سارا خان کے درمیان کئی سالوں سے قریبی تعلقات تھے جب کہ چند ماہ قبل ہی اداکار جوڑی نے اپنی راہیں الگ کرلیں تھیں۔