کراچی: پیپلز پارٹی کی جانب سے آصف علی زرداری کی گرفتاری کے خلاف جیالوں نے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے شروع کردیے ۔
قومی احتساب بیورو نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں ضمانت مسترد ہونے پر آصف زرداری کو گزشتہ روز گرفتار کیا جس کے خلاف پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ میں آج یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔
صوبے بھر میں سیکیورٹی بھی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جب کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور رینجرز کی جانب سے حیدرآباد میں مشترکہ فلیگ مارچ اور گشت کیا گیا۔
باجوڑ میں آصف علی زرداری کی گرفتاری کے بعد مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا جہاں مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے اور اس کے باوجود ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔
دوسری جانب ٹنڈو محمد خان میں کارکنان اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور پھلیلی پُل پر مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑک کو بلاک کردیا جبکہ گھوٹکی میں بشیر آباد سے مین چوک اوباڑو تک جیالوں کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
ٹھٹھہ میں ٹاؤن کمیٹی سے مین شاہراہ تک کارکنوں نے ریلی نکالی جبکہ گھارو میں بھی احتجاج کیا جارہا ہے۔
ادھر بدین میں آصف زرداری کی گرفتاری خلاف ٹنڈو باگو میں جیالوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا اور مہران چوک سے ایوان صحافت تک مارچ کیا جب کہ میرپور خاص میں سٹی آفس کے سامنے احتجاج کیا گیا۔
مظفر گڑھ میں کچہری چوک پر بھی مظاہرین کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔