دبئی:
آسٹریلیا میں رواں برس ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کا میلہ سجے گا یا نہیں؟ اس حوالے سے فیصلہ آج متوقع ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی بورڈ میٹنگ 28 مئی کو ہوئی تھی مگر حیران کن طور پر چیئرمین ششانک منوہر نے اہم معاملات کے افشا ہونے کو جواز بناکر اسے 10 جون تک موخر کردیا تھا۔
آئی سی سی بورڈ کی ٹیلی کانفرنس بدھ کو ہوگی جس میں کچھ اہم ترین فیصلے متوقع ہیں، کورونا وائرس کی وجہ سے 3 ماہ سے کرکٹ سرگرمیاں معطل ہیں، جس سے فیوچر ٹور پروگرام شدید متاثر ہوا، ممبر بورڈز کیلیے ری شیڈولنگ ڈراؤنا خواب بنی چکی، ٹی 20 ورلڈ کپ کا فیصلہ بھی بدستور تاخیر کا شکار ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے خازن ارون دھمل نے اس حوالے سے کہاکہ اگر ورلڈ کپ اس برس نہیں ہوا تو دیکھنا ہوگا کہ نئی تاریخ کیا ہوتی، کیا اسے 2022 تک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا یا پھر آسٹریلیا میں ایونٹ آئندہ برس اور ہمارے ملک میں ٹورنامنٹ 2022 میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔
آسٹریلیا خود بھی اپنے ملک میں رواں سال ایونٹ کے انعقاد پر غیریقینی ظاہر کرچکا ہے، اگر ایونٹ ملتوی ہوا تو پھر ریونیو کی تقسیم بھی متاثر ہوگی، پہلے ہی چھوٹے بورڈز کو یہ فکر کھائے جارہی ہے کہ آئی سی سی انھیں ستمبر کی قسط جاری کرے گی نہیں، بورڈ میٹنگ میں اس بارے بھی غور کیا جائے گا کہ ریونیو میں حصے کی ادائیگی موخرہو یا بورڈز کی مالی پریشانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایڈوانس میں رقم جاری کردی جائے۔
اسی طرح باہمی سیریز کا معاملہ بھی کافی گمبھیر ہوچکا، کئی سیریز ملتوی ہوگئیں، انھیں ری شیڈول کرنا کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں ہوگا، اس وقت کچھ بورڈز کو فیوچر ٹور پروگرام واضح نہ ہونے کی وجہ سے نئی نشریاتی ڈیلز میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔