آتشزدگی کے متاثرین کی مدد کیلئے آسٹریلین کرکٹرز میدان میں آگئے


آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی خطرناک آگ ہر گزرتے دن کے ساتھ ابتر صورتحال اختیار کرتی جا رہی ہے اور اس آگ کے متاثرین کی مدد کے لیے کرکٹر بھی میدان میں آ گئے ہیں۔

آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے ہزاروں افراد متاثر، کئی لاکھ ہیکٹر زمین متاثر اور کروڑوں جانور ہلاک ہو چکے ہیں۔

اس مشکل صورتحال میں آسٹریلین کرکٹرز بھی متاثرین کی مدد کے لیے سامنے آ گئے ہیں جبکہ دنیا بھر کے دیگر کرکٹرز نے بھی آسٹریلیا میں آتشزدگی کے متاثرین کی مدد کی اپیل کی ہے۔

آسٹریلین کرکٹرز نے اعلان کیا تھا کہ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف سڈنی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں لی جانے والی ہر وکٹ کے بدلے ایک ہزار امریکی ڈالر عطیہ کریں گے۔

آسٹریلین باؤلرز ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو دو مرتبہ آؤٹ کر کے 20وکٹیں لینے میں کامیاب رہے اور اس طرح 20ہزار ڈالر کی خطیر رقم عطیہ کی جائے گی۔

اس کے علاوہ 26 دسمبر سے نیوزی لینڈ ہی کے خلاف کھیلے گئے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلین کرکٹرز نے اپنی شرٹ پر دستخط کر کے کرکٹ آسٹریلیا کے حوالے کی تھی اور ان شرٹس کی نیلام سے حاصل ہونے والی رقم کو عطیہ کیا جائے گا جس سے اب تک 30ہزار ڈالر سے زائد کی رقم حاصل کی جا چکی ہے۔

اس سے قبل جارح مزاج آسٹریلین اوپننگ بلے باز کرس لن نے کہا تھا کہ وہ بگ بیش لیگ میں اپنے ہر چھکے کے عوض 250 ڈالر عطیہ کریں گے جس پر گلین میکسویل اور ڈی آرسی شارٹ نے بھی ان کے اس اقدام کی پیروی کا اعلان کیا تھا۔

اسی طرح اسپنر فواد احمد نے ہر چھکے اور وکٹ کے عوض 250 ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ ایڈم زامپا نے دورہ بھارت میں ہر وکٹ کے عوض 200 ڈالر بطور فنڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔

عطیہ کرنے کا اعلان کرنے والے دیگر کھلاڑیوں کی فہرست میں پیٹر سڈل، کین رچرڈسن بھی شامل ہیں جبکہ بگ بیش کی ٹیمیں میلبرن رینیگیڈز اور میلبرن اسٹارز اپنے کھلاڑیوں کے دستخط کی حامل شرٹس نیلام کر کے رقم عطیہ کریں گے۔

حال ہی میں آسٹریلین کرکٹر شین وارن اپنی بیگی گرین کیپ کو نیلام کریں گے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم کو آگ کے متاثرین کے لیے عطیہ کریں گے۔

145 ٹیسٹ میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کر کے 708وکٹیں لینے والے شین وارن اپنی سب سے قیمتی آسٹریلیا کی بیگی گرین کیپ کو نیلام کریں گے۔

اس کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم آسٹریلین ریڈ کراس ڈیزاسٹر ریلیف اور ریکوری فنڈ کو عطیہ کی جائے گی اور ان کی بیگی گرین کیپ کے ساتھ شین وارن کے دستخط کا حامل ایک آٹو گراف بھی ہو گا جو اس بات کی دلیل ہو گا کہ یہ وارن کی اصل بیگی گرین کیپ ہے۔

پاکستانی کرکٹر شعیب اختر نے بھی شین وارن کے اس اقدام کی حمایت کرتے ہوئے پاکستان سمیت دنیا بھر کے کرکٹ شائقین سے آگ سے متاثرہ آسٹریلینز کی مدد کی درخواست کردی۔


اپنا تبصرہ لکھیں