لندن: انٹارکٹیک پر سبزہ موجود نہیں لیکن وہاں الجی بہت تیزی سے پھیل کر سفید برف کو سبز کررہی ہے۔ تاہم یہ تبدیلی کچھ جگہوں پر دیکھی گئی ہے لیکن اگلے ماہ و سال میں اس میں بہت تیزی رونما ہوگی۔
اگرچہ انٹارکٹیکا کی برفیلی سرزمین پر پودے اور سبزہ نہ ہونے کے برابر ہے لیکن وہاں الجی کی کچھ مقدار پائی جاتی ہے ۔ تاہم یہ الجی اب عالمی گرمی کی وجہ سے بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
یونیورسٹی آف کیمبرج اور برٹش انٹارکٹک سروے نے سیٹلائٹ تصاویر اور بعض زمینی مشاہدات سے دنیا کے سب سے ویران برفیلے برِاعظم پر سبز الجی کے پھیلاؤ پر ایک رپورٹ جاری کی ہے۔
سائنسدانوں نے 1600 مقامات پر الجی کے پھیلاؤ کی خبر دی ہے جس کے ساتھ مزید 1.9 مربع کلومیٹر پر الجی کو دیکھا ہے۔ کیمبرج کے سائنسداں میٹ ڈیوس کہتے ہیں کہ چونکہ انٹارکٹیکا پر پودے نہ ہونے کے برابر ہیں لیکن الجی کی اتنی تعداد بھی بہت زیادہ ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
ماہرین نے کہا ہے کہ یہ الجی کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب کرتی ہے اور پوری الجی مجموعی طور پر 875,000 کاروں سے خارج ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ کو اپنے اندر جذب کررہی ہے۔ یہ الجی پینگوئن کی آبادی کے پاس زیادہ دیکھی گئی ہے اور ان پرندوں کا فضلہ الجی کے لیے ایک بہترین فرٹیلائزر کا کام کرتا ہے۔
ہم جانتے ہیں کہ قطبین کے کئی مقامات باقی دنیا کے مقابلے میں بہت تیزی سے گرم ہورہے ہیں اور برف پگھل رہی ہے اور اس دوران سبز الجی پھیلتی جاری ہے جس میں مزید اضافہ ہوگا۔ اگرچہ الجی کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتی ہے لیکن برف پر بکھری سبز الجی سے سورج کی روشنی منعکس ہونے کا عمل بھی متاثر ہوگا۔