آئی پی پیز سے معاہدہ ہوگیا، اب بجلی کی قیمت کم ہونا شروع ہوگی: وزیراعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے یوم آزادی کے موقع پر پر قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہےکہ آئی پی پیز سے طویل مذاکرات کے بعد ہمارا معاہدہ ہوگیا  جس سے بجلی سستی ہوگی۔

یوم آزادی پر قوم کے نام خصوصی پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کورونا سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ شاید ہی کسی قوم نے اس کامیابی سے وبا میں ایسا بلینس کیا ہو جیسا پاکستان نے کیا، ہمارے اقدامات پر لوگوں نے مثبت رد عمل دیا، آج معیشت بھی چل رہی ہے اور ملک میں کورونا کے کیسز بھی کم ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے 2 سال مشکل گزرے اس کے بعد معیشت اٹھی، جب حکومت ملی تو زرمبادلہ کے ذخائر نہیں تھے، قرض واپس کرنا مشکل تھا، جب روپیہ نیچے گرتا ہے تو باہر سے خریدی جانے والی چیزیں مہنگی ہوجاتی ہیں، جانتا ہوں کہ کس طرح لوگوں کے حالات مشکل تھے اور اب بھی ہیں لیکن خوشخبری یہ ہے کہ اب حالات بہتر ہورہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم منزل پر پہنچ جائیں گے، لوگوں کا اعتماد آیا ہے، اس لیے اسٹاک مارکیٹ تیزی سے اوپر بڑھنا شروع ہوگئی ہے، اللہ کا شکر ہے آج ہماری آمدنی بڑھنا شروع ہوگئی ہے، کورونا وبا کے باوجود ٹیکس محصولات بڑھنا شروع ہوگئے ہیں، ساری دنیا میں ایکسپورٹ کو نقصان ہوا مگر ہماری ایکسپورٹ بڑھنا شروع ہوگئی ہے، اب حالات مزید بہتر ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب اقتدار ملا تو دو بوجھ تھے، ایک ماضی کی حکومتوں کا قرض اور دوسرا بوجھ پاور سیکٹر کا تھا، بجلی مہنگی بن رہی ہے اس لیے ہماری صنعت دیگر ممالک کا مقابلہ نہیں کرسکتی، بجلی مہنگی بن رہی تھی جس کی وجہ سے بجلی مہنگی دینا پڑ رہی تھی، انڈیپینڈینٹ پاور پروڈیوسرز سے مذاکرات کافی دنوں سے چل رہے تھے، ان کے ساتھ نئے معاہدے کریں گےجس سے بجلی سستی ہو گی، یہ معاہدے بجلی کی پیداواری لاگت اور گردشی قرضہ کم کرنے میں مدد کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاور سیکٹر میں وراثت میں ملے نقصان دہ ڈھانچے کو ٹھیک کررہے ہیں،ہم بجلی مہنگی خرید رہے ہیں اور کم قیمت پر بیچ رہے ہیں، آئی پی پیز سے طویل مذاکرات کے بعد ہمارا کل معاہدہ ہوگیا، بجلی کی پیداواری قیمت کم ہونا شروع ہوجائے گی جس سے صنعت اور عوام کو فائدہ ہوگا جب کہ بجلی کی چوری اور لائن لاسز کم کرنے کے لیے جامع پیکج لارہے ہیں، ان اقدامات سے ان شاء اللہ بجلی کی قیمت کم ہوگی۔

عمران خان نے کشمیریوں کے لیے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم حق خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ ہے، ہم کشمیریوں کو ہر سطح پر ہر طرح کا تعاون فراہم کریں گے،کشمیری بہت بہادری سے بھارت کے غیر قانونی قبضے کا مقابلہ کررہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں