آئی پی ایل کی چکاچوند، انٹرنیشنل کرکٹ گہنا گئی

آئی پی ایل کی چکاچوند، انٹرنیشنل کرکٹ گہنا گئی


 کراچی / ڈھاکا: 

آئی پی ایل کی چکاچوند نے انٹرنیشنل کرکٹ کو بھی گہنا دیا۔

جنوبی افریقہ نے پاکستان سے ہوم سیریز کے دوران ہی اپنے ٹاپ پلیئرز ڈیوڈ ملر، کوئنٹین ڈی کک، اینرچ نورکیا، کاگیسو ربادا اور لونگی نگیڈی کو آئی پی ایل کیلیے بھارت جانے کی اجازت دے دی، یہ سب دوسرے ون ڈے کے بعد ہی روانہ ہوگئے تاکہ لیگ سے قبل قرنطینہ کی مدت مکمل کرسکیں، مذکورہ کرکٹرزگرین شرٹس کے خلاف 4 ٹی 20 میچز کی سیریز بھی نہیں کھیلیں گے۔

پروٹیز بورڈ کی جانب سے ان پلیئرز کو ہوم سیریز کے وسط میں ہی جانے کی اجازت دینے پر زیادہ حیرت ظاہر ہورہی ہے۔ پاکستان کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہاکہ مجھے حیرت تو یہ دیکھ کر ہوئی کہ کرکٹ جنوبی افریقہ نے اپنے پلیئرز کو سیریز کے درمیان میں ہی جانے کی اجازت دے دی، ٹی 20 لیگز کو انٹرنیشنل کرکٹ پر اثرانداز ہوتا دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔

دوسری جانب بنگلادیش کے سابق ون ڈے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے کہاکہ میں اس بات کا تصور تک نہیں کرسکتا کہ اگر ہمارے کھلاڑیوں نے ایسا کیا ہوتا تو یہاں پر کیا ہنگامہ کھڑا ہوجاتا۔

انھوں نے اپنی فیس بک پوسٹ میں کہا کہ ملر، ربادا، نورکیا، نگیڈی اور ڈی کک سب ہی اچھی فارم میں ہیں اور انھوں نے ابتدائی2 ون ڈے میچز میں اچھا پرفارم کیا، مگر پاکستان سے تیسرے میچ میں ان میں سے کوئی بھی نظر نہیں آیا، تب میں نے جانا کہ آئی پی ایل کیلیے قرنطینہ پروٹوکول کی وجہ سے یہ لوگ پہلے چلے گئے، ان کی عدم موجودگی میں صرف 30 فیصد تک گیم ہوا مگر کہیں پر کوئی ہنگامہ دکھائی نہیں دیا، نہ ہی کمنٹری باکس سے کسی نے اس بارے میں کوئی بات کی، میں اس بات کا تصور بھی نہیں کرسکتا کہ اگر یہی کچھ ہمارے کھلاڑیوں نے کیا ہوتا تو کیا ہنگامہ برپا ہوجاتا۔

انھوں نے آئی پی ایل کنٹریکٹ پانے والے اپنے 2 کرکٹرز شکیب اور مستفیص کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں