آئی سی سی کے چیئرمین کا الیکشن ہوگا یا سلیکشن، فیصلہ جمعرات کو متوقع ہے، بورڈ میٹنگ ایجنڈے میں انتخاب کیلیے طریقہ کار کا تعین ہوگا،انگلینڈ کے کولن گریوس بدستور فرنٹ رنر ہیں،بھارتی کرکٹ بورڈ نے سارو گنگولی کو میدان میں اتارنے کا امکان تاحال رد نہیں کیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی ایک اور بورڈ میٹنگ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جمعرات کوہورہی ہے، نئے چیئرمین کے انتخابی عمل کی منظوری ٹاپ ایجنڈے میں شامل ہوگی، ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ پہلے ہی آئندہ ماہ تک ملتوی ہوچکا،اس لیے صرف نئے چیئرمین کی نامزدگی کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔
ایک بورڈ ممبر نے کہاکہ میں یہ بات یقین سے نہیں کہہ سکتاکہ جمعرات کی میٹنگ میں چیئرمین کے الیکشن یا سلیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوگا یا نہیں، البتہ ممبرز اکھٹے ہوں گے تو وہ اپنے اپنے ممالک کی صورتحال کے بارے اپ ڈیٹ کریں گے مگر کوئی باقاعدہ اعلان متوقع نہیں ہے، بورڈ کو ای میلز لیکس کی تحقیقات سے بھی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔
البتہ بی سی سی آئی نے بھی تاحال ساروگنگولی کے میدان میں اترنے کی قیاس آرائیوں کو مسترد نہیں کیا،اگرچہ اس پوسٹ کیلیے پی سی بی کے احسان مانی کا بھی نام لیا جا رہا تھا تاہم انھوں نے خود کو اس دوڑ سے پہلے ہی باہر قرار دے دیا ہے،ادھر بھارتی بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمیں معلوم نہیں گنگولی مستقبل میں سیاست میں آنے کا ارادہ رکھتے ہیں یا نہیں،اگر ایسا کوئی ارادہ ہے تو پھر وہ آئی سی سی چیئرمین بن سکتے ہیں،پھر ایک برس بعد بی جے پی کی جانب سے ویسٹ بنگال کے چیف منسٹر کاامیدوار بننے کا چانس ہوگا۔